نامپلی اسمبلی حلقہ میں ایس آئی آر نوٹس کی تقسیم کا جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے کیا معائنہ، ووٹرز کی رہنمائی اور عمل کو آسان بنانے کی ہدایت
حیدرآباد: جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے نامپلی اسمبلی حلقہ کے اے سی گارڈز میں واقع سی آئی بی کوارٹرز کے پولنگ اسٹیشن نمبر 1 پر جاری اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) نوٹس کی تقسیم کا معائنہ کیا اور فیلڈ سطح پر جاری کارروائی کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر نے بی ایل اوز، بی ایل او سپروائزر، اے ای آر او اور ای آر او سے بات چیت کی اور ووٹرز میں ایس آئی آر نوٹس کی منظم انداز میں تقسیم یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ ووٹرز کو نوٹس کے مقصد سے واضح طور پر واقف کرایا جائے اور مطلوبہ عمل مکمل کرنے میں ان کی مدد کی جائے۔
کمشنر نے مقامی عوام سے بھی بات چیت کرتے ہوئے ایس آئی آر عمل کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے ووٹرز سے اپیل کی کہ نوٹس میں درج معلومات کو احتیاط سے چیک کریں اور مقررہ مدت کے اندر مطلوبہ دستاویزات اور معلومات جمع کروائیں۔ کسی بھی وضاحت یا فارم اور دستاویزات جمع کرنے میں مدد کے لیے متعلقہ بی ایل او سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا گیا۔
آر وی کرنن نے انتخابی عملے کو ہدایت دی کہ عوام کے سوالات کا فوری جواب دیا جائے، بہتر تال میل کے ساتھ کام کیا جائے اور اہل شہریوں کو ایس آئی آر کا عمل آسانی سے مکمل کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔




English 

























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































