حیدرآباد میں زیرِ تعمیر سات منزلہ عمارت منہدم، اطراف کی عمارتوں کو نقصان
حیدرآباد کے مادھاپور پولیس اسٹیشن حدود میں ہفتہ کی دوپہر انجیا نگر میں زیرِ تعمیر سات منزلہ عمارت اچانک منہدم ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ عمارت صرف 50 گز اراضی پر تعمیر کی جارہی تھی اور نالے سے متصل واقع تھی۔ ملبہ وائٹ فیلڈ اپارٹمنٹ پر گرنے سے عمارت کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ قریب واقع ایک ہاسٹل بھی متاثر ہوا اور طلبہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حادثے کے فوراً بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے میں کسی کے پھنسے ہونے کا پتہ لگانے کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ گچی باولی اور مادھاپور فائر اسٹیشن کے اہلکار Victim Location Camera کی مدد سے ملبے کی نگرانی کررہے ہیں۔ مقامی افراد نے عمارت کی تعمیر کو مبینہ طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پہلے ہی حکام سے شکایت کی تھی، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ رکن اسمبلی اریکاپوڈی گاندھی نے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دلایا۔




English 

























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































