حیدرآباد: امریکی دورے کی اجازت نہ ملنے پر 23 اگست کو لندن سے واپس حیدرآباد آئیں گے سی ایم ریونت ریڈی
File Photo
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو مرکزی حکومت کی جانب سے امریکہ کے دورے کی اجازت نہ ملنے کے بعد وہ بوسٹن، نیویارک جانے کے بجائے 23 اگست کو لندن سے حیدرآباد واپس آئیں گے۔ وزارت خارجہ نے سیاسی بنیاد پر کلیئرنس دینے سے انکار کیا ہے۔ تاہم وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ امریکہ کا طے شدہ دورہ جاری رکھتے ہوئے ہارورڈ، ایم آئی ٹی، نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی اور ورجینیا ٹیک سمیت معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں اور شراکت داری کے معاہدوں کو حتمی شکل دیں۔
ریونت ریڈی لندن میں اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق آکسفورڈ، کیمبرج، لندن اسکول آف اکنامکس، لندن بزنس اسکول اور یونیورسٹی آف لندن کے ماہرین تعلیم سے ملاقات کریں گے۔ وہ برطانیہ کے معروف اسپورٹس اداروں اور اسکلنگ سے وابستہ اداروں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کرکے تلنگانہ کے ساتھ شراکت داری کے امکانات پر بات کریں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد دنیا کے بہترین تعلیمی اور اسکلنگ اداروں کو ہندوستان، تلنگانہ اور حیدرآباد لانا ہے تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیم، مہارت اور تربیت ملک میں ہی دستیاب ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہوکر ملک کی تعمیر اور نوجوانوں کے مستقبل کے لیے کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کا مقصد حیدرآباد کو ایک عالمی نالج ہب بنانا اور ایسا شہر بنانا ہے جہاں عام ہندوستانی بھی ہارورڈ، آکسفورڈ، ایم آئی ٹی، ایل بی ایس اور ایل ایس ای جیسے عالمی اداروں سے تعلیم اور سرٹیفکیٹ حاصل کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کئی رہنما اپنے بچوں کو بیرونِ ملک بھیجنا چاہتے ہیں، وہ دنیا کے بہترین اداروں کو ہندوستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔




English 


























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































