ریونت ریڈی نے امریکہ کے دورے کی مرکزی حکومت سے اجازت نہ ملنے کے معاملے پر حمایت کرنے پر اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھڑگے اور دیگر کانگریس قائدین کا شکریہ ادا کیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی نے مرکز کی جانب سے امریکہ کے دورے کے لیے اجازت نہ دیے جانے کے بعد حمایت کرنے پر اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھڑگے اور دیگر کانگریس قائدین سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔
لندن میں موجود ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ حیدرآباد واپسی کے بعد اس معاملے سے متعلق تمام امور پر تفصیل سے بات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ لندن میں ان کی تمام طے شدہ ملاقاتیں اور پروگرام مکمل ہوچکے ہیں اور وہ 23 اگست کو بوسٹن جانے کے بجائے حیدرآباد واپس روانہ ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ملکارجن کھڑگے، کانگریس پارٹی، پارٹی قائدین اور ملک بھر کے عوام کی جانب سے ملنے والی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزارت خارجہ نے سیاسی وجوہات کی بنیاد پر ان کے امریکہ دورے کی اجازت نہیں دی۔
ریونت ریڈی نے برطانیہ اور امریکہ کے لیے 10 روزہ دورے کا منصوبہ بنایا تھا، جس کے دوران انہیں ہارورڈ یونیورسٹی، ایم آئی ٹی سمیت مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ کرنا تھا۔ تاہم وزارت خارجہ نے جمعہ کو کہا تھا کہ مجوزہ امریکی پروگرام مناسب نہیں تھا، جس کے باعث سیاسی کلیئرنس نہیں دی گئی۔
دوسری جانب تلنگانہ بی جے پی صدر این رام چندر راؤ نے ریونت ریڈی سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے منسوخ شدہ امریکہ دورے کے دوران نیویارک کے میئر زوہران ممدانی سے ملاقات کی درخواست کی تھی؟ تاہم وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ذرائع نے واضح کیا کہ ممدانی سے ملاقات ریونت ریڈی کے مجوزہ امریکی پروگرام کا حصہ نہیں تھی۔




English 



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































