پیر 11 ربیع الاول 1448هـ
#تلنگانہ

نلگنڈہ میں اسکول پرنسپل کے قتل کا پردہ فاش، دو دسویں جماعت کے طلبہ گرفتار

نلگنڈہ: تلنگانہ کے نلگنڈہ ضلع میں پولیس نے 48 سالہ اسکول پرنسپل اور ڈائریکٹر کلو روپا ریڈی کے سنسنی خیز قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے دو دسویں جماعت کے طلبہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق دونوں طلبہ نے پیسوں اور عیش و عشرت کی زندگی کے لیے قتل کی منصوبہ بندی کی تھی۔

کونڈاملی پلی میں واقع ناگرجنا پبلک اسکول کی پرنسپل روپا ریڈی 12 اگست کی صبح اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔ ان کے جسم پر چاقو کے 27 وار کے نشانات تھے۔ حیدرآباد میں موجود ان کے شوہر نے جب فون پر رابطہ کیا اور جواب نہیں ملا تو پڑوسیوں کو اطلاع دی، جنہوں نے پولیس کو خبر دی۔

پولیس نے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سی سی ٹی وی فوٹیج، فارنسک شواہد، فنگر پرنٹس، تکنیکی معلومات اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا۔ اس دوران 80 سے زائد افراد سے پوچھ تاچھ کی گئی۔

’’بابو‘‘ لفظ سے طلبہ تک پہنچی پولیس

تحقیقات کے دوران پولیس کو اس وقت اہم سراغ ملا جب معلوم ہوا کہ فون بند ہونے سے قبل روپا ریڈی نے اپنی خالہ سے بات کرتے ہوئے ’’بابو‘‘ کا لفظ استعمال کیا تھا۔ پولیس نے اس بات کی تحقیقات شروع کی کہ وہ کس کو ’’بابو‘‘ کہہ رہی تھیں، جس کے بعد تفتیش اسکول کے طلبہ تک پہنچی۔

پولیس نے انفرادی طور پر طلبہ سے پوچھ تاچھ کی اور دسویں جماعت کے پانچ ایسے طلبہ کی شناخت کی جو مسلسل اسکول سے غیر حاضر تھے۔ ان میں سے دو طلبہ گزشتہ چند دنوں سے اچانک بڑی رقم خرچ کر رہے تھے اور پارٹیاں بھی دے رہے تھے۔

بدھ کی صبح دونوں طلبہ کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی گئی، جس کے دوران انہوں نے مبینہ طور پر قتل کا اعتراف کیا۔

پرنسپل نے پہلے بھی طلبہ کو ڈانٹا تھا

پولیس کے مطابق ملزم طلبہ کے ہاسٹل بیگ سے نقد رقم اور موبائل فون ملنے پر روپا ریڈی نے انہیں پہلے ڈانٹا تھا اور ان کے والدین کو بھی اطلاع دی تھی۔ بعد میں دونوں طلبہ کو ہاسٹل سے ہٹا کر ڈے اسکالر بنا دیا گیا تھا۔

پولیس کو شبہ ہے کہ اسی کارروائی کی وجہ سے طلبہ کے دل میں پرنسپل کے خلاف ناراضی پیدا ہوئی، جس نے بعد میں قتل کی سازش میں اہم کردار ادا کیا۔

پانچ دن تک قتل کی منصوبہ بندی

پولیس کے مطابق دونوں طلبہ نے تقریباً پانچ دن تک روپا ریڈی کے گھر کی ریکی کی۔ انہوں نے چاقو اور اپنی شناخت چھپانے کے لیے دستانے خریدے تھے۔

قتل کے دن ایک طالب علم مبینہ طور پر بندر ٹوپی اور دستانے پہن کر گھر میں داخل ہوا۔ اسے بیڈ روم میں 2.50 لاکھ روپے ملے اور وہ رقم لے کر فرار ہونے لگا۔ اسی دوران اس کی بندر ٹوپی سرک گئی اور روپا ریڈی نے اسے پہچان لیا۔

پولیس کے مطابق شناخت ظاہر ہونے کے خوف سے ملزم نے روپا ریڈی پر چاقو سے 27 وار کیے۔ قتل کے بعد ملزمان نے نقد رقم لے لی اور خون آلود کپڑوں اور بندر ٹوپی کو دفن کرکے شواہد مٹانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق دونوں بعد میں گوا بھی گئے۔

نقد رقم، آئی فون اور موبائل فون برآمد

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1.54 لاکھ روپے نقد برآمد کیے، جن میں کچھ نوٹوں پر خون کے دھبے بھی تھے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے ذریعہ خریدا گیا آئی فون اور روپا ریڈی کا موبائل فون بھی برآمد کرلیا گیا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ دونوں طلبہ نے واردات سے قبل ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر جلدی پیسہ کمانے کے طریقے تلاش کیے تھے۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

نلگنڈہ میں اسکول پرنسپل کے قتل کا پردہ فاش، دو دسویں جماعت کے طلبہ گرفتار

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے راجیو گاندھی کو

نلگنڈہ میں اسکول پرنسپل کے قتل کا پردہ فاش، دو دسویں جماعت کے طلبہ گرفتار

نظام آباد کے جامعہ ضیاء الاسلام مدرسہ

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے