مہاراشٹر میں نئے قوانین نافذ، وزیر اعلیٰ کو وزراء کے فیصلے بدلنے یا منسوخ کرنے کا اختیار
مہاراشٹر حکومت نے سرکاری کام کاج سے متعلق قوانین میں بڑی تبدیلیاں کی ہیں۔ نئے ’مہاراشٹر گورنمنٹ کنڈکٹ آف بزنس رولز، 2026‘ کے تحت وزیر اعلیٰ کو عوامی مفاد سے متعلق کسی بھی معاملے میں وزراء کے فیصلے کو تبدیل یا منسوخ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، تاہم نیم عدالتی معاملات اس اختیار سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نئے قوانین کے مطابق اگر وزیر اعلیٰ کسی وزیر کے فیصلے میں تبدیلی کرتے ہیں تو انہیں اس کی وجہ تحریری طور پر بتانا ہوگی۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ ریاست کے کسی بھی محکمہ سے فائلیں اور اہم دستاویزات طلب کر سکتے ہیں، جنہیں متعلقہ وزیر اور محکمہ کے سکریٹری کو فراہم کرنا ہوگا۔
انتظامی سطح پر چیف سکریٹری کو بھی کسی محکمہ کے سکریٹری سے ضروری معلومات اور دستاویزات طلب کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ حکومتی قواعد کی تشریح پر تنازع کی صورت میں معاملہ وزیر اعلیٰ کے پاس بھیجا جا سکے گا۔ حکومت پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے یا سرکاری ریونیو میں رعایت دینے والے فیصلوں کے لیے محکمۂ مالیات کی پیشگی منظوری لازمی ہوگی۔
زمین، ریونیو، معدنیات اور جنگلات سے متعلق رعایت، لیز یا لائسنس دینے کے لیے مقررہ طریقۂ کار پر عمل کرنا ہوگا۔ کسی نئے قانون کی تشکیل یا موجودہ قانون میں ترمیم سے قبل مسودہ محکمہ قانون و انصاف کو جانچ کے لیے بھیجنا بھی ضروری ہوگا۔
یہ تبدیلی اس پس منظر میں اہم ہے جب 2022 میں وزیر اعلیٰ کے وزراء کے فیصلوں میں مداخلت کے اختیار پر قانونی سوالات اٹھے تھے۔ اب نئے قواعد کے ذریعے وزیر اعلیٰ کے اختیارات کو واضح کیا گیا ہے، جس کے تحت مفاد عامہ میں وزراء کے فیصلوں کو تبدیل یا مسترد کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ اس کی تحریری وجہ بتائی جائے۔




English 



























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































