ظہیرآباد: ہندو تنظیموں کی ریالی میں مسلمانوں کی املاک پر حملہ پولیس کی خاموشی پر سوالات، پُر امن فضا کو بگاڑنے کی سازش

ظہیرآباد:24اکٹوبر (پٹریاٹک ویوز)ظہیرآباد میں 23 اکتوبر 2024 کو اشرار نے منظم انداز میں امن و امان کو درہم برہم کرنے کی کوشش کی۔ ہندو تنظیموں بشمول بی جے پی نے "دھرم سرکشا” کے نام پر بھوانی مندر سے احتجاجی ریالی منظم کی، جس دوران مسلمانوں کی املاک کو نشانہ بنایا گیا۔
ریالی کے دوران، جو بس ڈپو سے تحصیل آفس تک نکالی گئی، اشرار نے اسٹار لائٹ ہوٹل پر حملہ کیا۔ ہوٹل کے افتتاح کے سلسلے میں ڈیکوریشن کا کام جاری تھا، جسے سنگ باری کا نشانہ بنایا گیا، اور ہوٹل کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ اشرار نے دکان کے سامنے رکھی سیکلوں کو اٹھا کر پھینک دیا اور ایک موبائل شاپ کو بھی نقصان پہنچایا۔
پولیس کی موجودگی کے باوجود اشرار نے کھلے عام ہنگامہ آرائی کی، جبکہ پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ ہوٹل کے مالک قیصر نے مسلم نوجوانوں کے ہمراہ ظہیرآباد پولیس اسٹیشن پہنچ کر اشرار کے خلاف شکایت درج کروائی۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ظہیرآباد ہمیشہ سے گنگا جمنی تہذیب اور بھائی چارہ کا مرکز رہا ہے۔ تاہم، چند شرپسند عناصر پُر امن فضا کو مکدر کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا کہ پولیس فوراً کارروائی کرے اور امن و امان کی بحالی کو یقینی بنائے۔
اس معاملے میں اب تک چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، تاہم حالات کی نزاکت کے پیش نظر پولیس کو مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔