بدھ 12 صفر 1447هـ
#تلنگانہ

یومِ عاشورہ ایمان کو تازگی بخشنے والا عظیم دن : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

حیدرآباد(راست)یومِ عاشورہ یعنی 10 محرم الحرام اسلامی تاریخ کا ایک نہایت بابرکت اور سبق آموز دن ہے، جسے اللہ تعالیٰ نے متعدد عظیم واقعات سے ممتاز فرمایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی( ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما) نے مسجد محمودہ شاستری پورم میں نمازجمعہ سے قبل اپنے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جب رسول اکرم صلعم مدینہ منورہ تشریف لائے تو آپؐ نے یہود کو عاشورہ کے دن روزہ رکھتے پایا۔ دریافت پر معلوم ہوا کہ وہ اس دن حضرت موسیٰؑ کو فرعون سے نجات ملنے کی یاد میں شکرانے کے طور پر روزہ رکھتے ہیں۔ اس پر نبی کریم صلعم نے فرمایا’’ہم موسیٰؑ کے زیادہ حق دار ہیں (صحیح بخاری)۔ چنانچہ آپ ؐ نے خود بھی روزہ رکھا اور صحابہ کرامؓ کو بھی روزہ رکھنے کی تلقین فرمائی۔

مولانا ریاض احمد نے مزید کہا کہ نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے’’مجھے امید ہے کہ عاشورہ کے دن کا روزہ ایک سال کے گزشتہ گناہوں کا کفارہ بن جائے گا‘‘ (صحیح مسلم)۔انہوں نے بتایا کہ 10 محرم کو کئی انبیاء کرام علیہم السلام سے متعلق عظیم واقعات پیش آئے، جن میں حضرت آدمؑ کی توبہ کی قبولیت، حضرت نوحؑ کی کشتی کا جودی پہاڑ پر ٹہرنا، حضرت ابراہیمؑ کو آگ سے نجات، حضرت موسیٰؑ اور بنی اسرائیل کی فرعون سے خلاصی، حضرت ایوبؑ کو بیماری سے شفا، حضرت یونسؑ کا مچھلی کے پیٹ سے نجات پانا اور حضرت عیسیٰؑ کا آسمان پر اٹھایا جانا شامل ہیں۔

مولانا نے واقعہ کربلا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ نے 10 محرم کو باطل کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہوکر، جان کی قربانی دے کر اسلام کی سربلندی کو محفوظ رکھا۔ آپؓ نے اہلِ بیتؓ اور وفاداروں کے ساتھ میدانِ کربلا میں بے مثال قربانی پیش کی۔ آپؓ کی شہادت ہمیں صبر، استقامت، حق گوئی اور وفاداری کا درس دیتی ہے۔

مولانا ریاض احمد حسامی نے مسلمانوں کو عاشورہ کے دن کے مسنون اعمال کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ 9 اور 10 محرم کا روزہ رکھنا،صدقہ دینا، گھر والوں پر فراخی کرنا، ذکر اور توبہ و استغفار کرناچاہئے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ عاشورہ کا دن نہ صرف غم کا دن ہے بلکہ نجات، قربانی، صبر، اور حق پر استقامت کے جذبے کو زندہ رکھنے کا دن بھی ہے۔

یومِ عاشورہ ایمان کو تازگی بخشنے والا عظیم دن : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

04 جولائی  2025

یومِ عاشورہ ایمان کو تازگی بخشنے والا عظیم دن : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

05 جولائی  2025

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے