شادی خانہ آبادی: محمد اظہرالدین پٹیل کا عقدِ مسعود سادگی کے ساتھ انجام پایا
بیدر، 25 دسمبر (نامہ نگار):
جناب محمد نثارالدین پٹیل مرحوم، ساکن آصف نگر حیدرآباد کے فرزند جناب محمد اظہرالدین پٹیل (بی کام) کا عقدِ مسعود، جناب محمد غیاث الدین صدیقی، ساکن بیدر کی دختر کے ساتھ 22 دسمبر کو بعد نمازِ عصر مسجد گولا خانہ، بیدر میں سادگی اور وقار کے ساتھ انجام پایا۔
نکاح کا خطبہ برادر نوشہ مولانا مفتی محمد کلیم الدین پٹیل نے پڑھایا۔ ایجاب و قبول سے قبل اپنے پُراثر خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ نازک حالات میں مسلمانوں کو قرآن اور صاحبِ قرآن ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ اس موقع پر انہوں نے نکاح کے ضروری مسائل پر سیر حاصل روشنی ڈالی اور خصوصی دعا فرمائی۔ ایجاب و قبول کی کارروائی مولانا محمد جلال الدین، نائب قاضی بیدر نے انجام دی۔
بعد ازاں بعد نمازِ عشاء ممتاز فنکشن ہال نور خان تعلیم، بیدر میں اور 24 دسمبر کو ملاپ گارڈن فنکشن ہال، پلر نمبر 55، رنگ روڈ، ریتی باؤلی، مہدی پٹنم، حیدرآباد میں پرتکلف ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں ممتاز مشائخینِ عظام، علماء دین، ماہرینِ تعمیرات، ماہرینِ قانون، ماہرینِ صحت، تاجرین، گتہ داران، دینی، ملی و تعلیمی تنظیموں کے ذمہ داران، مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، دوست احباب اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے دولہا دلہن کو مبارکباد پیش کی اور دعاؤں سے نوازا۔
یہ تمام انتظامات جناب الحاج محمد رحیم الدین پٹیل صاحب کی سرپرستی، اہلیۂ مرحوم محمد نثارالدین پٹیل صاحب کی نگرانی میں انجام پائے، جبکہ مولانا مفتی محمد کلیم الدین پٹیل، محمد مجیب قادری مجیب اور جناب الحاج محمد عظیم الدین پٹیل صاحب مرحوم کے اہلِ خانہ نے تمام مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































