ہفتہ 21 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

یوریا مرکز کے ماتحت، کے ٹی آر کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں: پونم پربھاکر

حیدرآباد – وزیر پونم پربھاکر نے کے ٹی آر کے حالیہ بیانات پر شدید ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کے ٹی آر کی زبان تیسرے درجے (Third Class) کی سطح پر گر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے سپوت، سابق ہائی کورٹ و سپریم کورٹ جج اور آئین کے ماہر سُدرشن ریڈی کو انڈیا محاذ نے نائب صدر جمہوریہ کے امیدوار کے طور پر منتخب کیا ہے، ان جیسے مدبر شخص کے پارلیمان میں بیٹھنے سے آئین کی حفاظت یقینی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ایس عوام کے سامنے حقیقت بیان کرنے کے بجائے گمراہ کن سیاست کر رہی ہے۔ کے ٹی آر نے کسانوں کو یوریا کے مسئلہ پر مشتعل کرنے کی کوشش کی، حالانکہ یوریا کی پیداوار اور تقسیم مرکز کے ماتحت ہے، تلنگانہ حکومت کے نہیں۔ ’’دس سال وزیر رہنے والے کے ٹی آر کو یہ بھی علم نہیں کہ یوریا کہاں سے آتا ہے،‘‘ وزیر نے طنز کیا۔

پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ عوامی حکومت کسانوں اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مفت بس سفر، 200 یونٹ بجلی، سستا گیس سلنڈر، اندراما مکانات، سستا چاول، دھان پر بونس، 60 ہزار نوکریاں اور ریتو بھروسہ جیسے بڑے اقدامات کیے ہیں، مگر اپوزیشن برداشت نہ کرتے ہوئے سازشوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس مصنوعی قلت پیدا کرکے عوام میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں تاکہ کانگریس کے حق میں بن رہے مثبت ماحول کو نقصان پہنچا سکیں۔ وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پہلے ہی تمام پارٹیوں سے اپیل کر چکے ہیں کہ تلنگانہ کے بیٹے سُدرشن ریڈی کو نائب صدر کے طور پر کامیاب بنانے میں تعاون کریں۔

پونم پربھاکر نے بی آر ایس سے سوال کیا کہ انہوں نے پچھلے دس سال ضلع کی ترقی کے لئے کیا کیا؟ کالیشورم کی دوسری ٹی ایم سی آج تک شروع نہیں ہوئی اور تیسری ٹی ایم سی پر کام کیوں شروع کیا گیا، عوام کو جواب دینا ہوگا۔

الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام سمجھتے ہیں کہ کمیشن بی جے پی کے اثر میں آکر امتیازی رویہ اختیار کر رہا ہے۔

یوریا مرکز کے ماتحت، کے ٹی آر کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں: پونم پربھاکر

21 اگست 2025

یوریا مرکز کے ماتحت، کے ٹی آر کسانوں کو گمراہ کر رہے ہیں: پونم پربھاکر

22 اگست 2025

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے