عنبرپیٹ حلقہ کے سرکاری اسکولوں میں مرکزی وزیر کشن ریڈی کی جانب سے نوٹ بکس اور جوتوں کی تقسیم
حیدرآباد: عنبرپیٹ حلقہ کے CPL سرکاری اسکول میں مرکزی وزیر کشن ریڈی نے نوٹ بکس تقسیم کیں اور اعظم پورہ کے GHS نمبر 1 اسکول میں طلبہ کو جوتے فراہم کئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ تعلیم ہی اصل ترقی کی سیڑھی ہے۔ تعلیم انسان کو معاشرے میں شناخت اور مقام عطا کرتی ہے اور اونچے درجے تک پہنچنے کا ذریعہ بنتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ والدین بڑی محنت و قربانی کے ساتھ اپنے بچوں کو تعلیم دلا رہے ہیں، اس لئے ان کی امیدوں پر پورا اترنا چاہئے۔ انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ سرکاری اسکول میں پڑھنے کو کمتر نہ سمجھیں۔ سرکاری اسکولوں میں بھی معیاری تعلیم دی جاتی ہے اور تربیت یافتہ اساتذہ موجود ہیں جو کسی بھی پرائیویٹ اسکول کے ہم پلہ تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔
وزیر موصوف نے کہا کہ ملک کے کئی بڑے رہنما، سائنسدان اور دانشور سرکاری اسکولوں ہی کے فارغ التحصیل ہیں، جن میں مہاتما گاندھی، ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اور اٹل بہاری واجپائی جیسے نام شامل ہیں۔
انہوں نے طلبہ کو ہدایت دی کہ آج کے مسابقتی دور میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے کے لئے زیادہ نمبرات لینے کے ساتھ ساتھ مختلف میدانوں میں مہارت پیدا کرنی ضروری ہے۔ لڑکیوں کے لئے بھی ہر میدان میں مواقع دستیاب ہیں، لہٰذا انہیں چاہئے کہ وہ دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور اونچے مقام تک پہنچیں۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































