گنیش نمرجن شو بھا یاترا کیلئے سخت سیکوریٹی انتظاماتشہری مکمل تعاون کریں: پولیس کمشنر سی وی آنند
حیدرآباد، 4 ستمبر:
حیدرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ 6 ستمبر کو منعقد ہونے والی گنیش نمرجن شو بھا یاترا کے موقع پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بھگتوں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ مکمل تعاون کریں تاکہ یہ تقریب پرامن طور پر اختتام پذیر ہو۔
کمشنر سی وی آنند، جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرناں، راچہ کنڈہ سی پی سدھیر بابو، ایڈیشنل سی پی وکرم سنگھ مان، ہائیڈرا کمشنر اے وی رنگناتھ، ٹریفک جوائنٹ سی پی جوئیل ڈیوڈ، حیدرآباد کلکٹر ہری چندن داسری کے ہمراہ بدھ کو بالاپور گنیش نمرجن شو بھا یاترا روٹ کا معائنہ کیا۔
کمشنر نے بتایا کہ شہر میں 30 ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں تاکہ کھیرا تباد اور بالاپور گنیش کے جلوس بخوبی مکمل ہوں۔ تمام محکمہ جات کے تعاون سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور باقی ماندہ کام فوری مکمل کئے جائیں گے۔
جی ایچ ایم سی کمشنر کرناں نے کہا کہ شہر کے 20 بڑے جھیلوں اور 72 مصنوعی تالابوں میں نمرجن کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ 134 مستقل کرینیں، 259 موبائل کرینیں اور 56,187 عارضی لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ حسین ساگر میں 9 کشتیاں، ڈی آر ایف ٹیمیں اور 200 تیراک تیار رکھے گئے ہیں۔ صفائی ستھرائی کیلئے 14,486 صفائی ملازمین تین شفٹوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2 ستمبر تک شہر بھر میں 1,21,905 گنیش مورتیاں نمرجن کی جاچکی ہیں جبکہ 6 ستمبر کو مزید 50 ہزار مورتیاں نمرجن کیلئے آنے کا امکان ہے۔
کلکٹر ہری چندن داسری نے کہا کہ تمام محکمے مربوط انداز میں کام کررہے ہیں اور بجلی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ مکمل تعاون کریں۔
قبل ازیں اعلیٰ عہدیداروں نے بالاپور گنیش کی پوجا کی اور منتظمین نے ان کا خیر مقدم کیا۔
بالاپور گنیش جلوس کا راستہ:
کٹہ مائیسما مندر → کیشوگری → چندرائن گٹہ ایکس روڈ → محبوب نگر ایکس روڈ → انجن باؤلی → علی آباد → ناگل چنتہ → ہمت پورہ → چارمینار → مدینہ ایکس روڈ → افضل گنج → ایم جے مارکیٹ → عابڈز جی پی او → بی جے آر مجسمہ → بشیر باغ ایکس روڈ → لبرٹی → امبیڈکر مجسمہ → حسین ساگر (ٹینک بنڈ)
کھیرا تباد گنیش جلوس کا راستہ:
بڑا گنیش → پرانا پی ایس سائیف آباد → اقبال منار → تلگو تلی → امبیڈکر مجسمہ → حسین ساگر (ٹینک بنڈ)




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































