حجاب واقعہ و سنجے نشاد کے بیان نے بی جے پی کی تعصبی ذہنیت عیاں کر دی: مولانا ریاض قادری حسامی
وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے مسلم خواتین کے حقوق کے حوالے سے کیے جانے والے دعووں کو مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (خطیب مسجد محمودہ شاستری پورم)نے کھوکھلا اور نمائشی قرار دیتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے بہار میں پیش آئے حجاب سے چھیڑ چھاڑ کے واقعہ اور اس پر دیے گئے سیاسی بیانات کو مسلم خواتین کے وقار اور مذہبی آزادی پر کھلا حملہ قرار دیا۔ مولانا ریاض قادری حسامی نے کہا کہ بہار کے وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک باپردہ مسلم خاتون ڈاکٹر کے حجاب کے ساتھ ناروا سلوک نے بعض سیاسی حلقوں کی تعصب پر مبنی سوچ کو بے نقاب کر دیا ہے۔ انہوں نے اس واقعہ کے دفاع میں اتر پردیش کے وزیر سنجے نشاد کے بیان کو نہایت قابلِ مذمت، گھٹیا ذہنیت کا مظہر اور آئینی اقدار کے منافی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے حساس معاملے کو ہلکے انداز میں لینا اور فحش و اشتعال انگیز مثالیں پیش کرنا خواتین کے وقار کی صریح توہین ہے۔ ایسے بیانات مذہبی آزادی، شخصی عزتِ نفس اور بنیادی حقوق پر حملہ ہیں اور معاشرے میں نفرت، بے حیائی اور انتشار کو فروغ دیتے ہیں، جو قومی یکجہتی اور سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔مولانا نے زور دے کر کہا کہ آئینی طور پر ہر شہری کو مذہبی آزادی، عزت کے ساتھ جینے اور صنفی احترام کا حق حاصل ہے، جبکہ عوامی عہدوں پر فائز افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے الفاظ اور افعال میں آئینی حدود کی پاسداری کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ اور متنازع بیان پر فوری، شفاف اور سخت قانونی کارروائی کی جائے، نیز ذمہ داران کو خواتین کے احترام اور مذہبی آزادی کے تقاضوں کا پابند بنایا جائے۔انہوں نے اس امر پر بھی تشویش ظاہر کی کہ تاحال نہ تو نتیش کمار کی جانب سے معافی سامنے آئی ہے اور نہ ہی مذکورہ وزیر کو اپنی غلطی کے اعتراف پر مجبور کیا گیا ہے، جو انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے۔ مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے تمام مسلم قائدین بالخصوص علمائے کرام سے پُرزور اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر آئینی اور جمہوری طریقوں سے قوم کی رہنمائی کریں، اس معاملے میں مؤثر آواز بلند کریں اور مناسب قانونی اقدامات کی قیادت کریں، تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون کے وقار یا کسی مذہب کی توہین کی جرأت نہ ہو سکے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































