13 ربیع الاول کو 12واں سالانہ مرکزی جلسہ رحمت اللعالمین ﷺ عظیم الشان پیمانے پر منعقد ہوگا
بیدر، 23 اگست (نامہ نگار) – کاروان ادب و مرکزی رحمت عالم کمیٹی ضلع بیدر کے زیر اہتمام 13 ربیع الاول کو 12واں سالانہ مرکزی جلسہ رحمت اللعالمین ﷺ شایان شان پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایک اہم اجلاس فخرِ صحافت مولوی عبدالحمید صاحبؒ ایڈیٹر روزنامہ حیدرآباد کرناٹک کی قیام گاہ منیار تعلیم بیدر میں بعد نماز ظہر منعقد ہوا۔
اجلاس کا آغاز مفتی محمد فیاض الدین نظامی کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ جناب سید صغیر احمد اور محمد شفیع الدین نے بارگاہِ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں کمیٹی کے صدر و کنوینئر جناب محمد فراست علی ایڈوکیٹ نے خطبۂ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 20 برسوں سے بیدر میں رحمت اللعالمین ﷺ کے موضوع پر بابرکت اجتماعات منعقد ہوتے آرہے ہیں، جو ملتِ اسلامیہ کے ایمان کو تازگی اور حوصلہ عطا کرتے ہیں۔
مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات ہی انسانیت کی بقاء اور دنیا کے مسائل کا حقیقی حل ہیں۔ آج ضرورت ہے کہ نئی نسل کو آپ ﷺ کی سیرت کے ذریعہ تیار کیا جائے تاکہ باطل کی سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں یہ بات زور دے کر کہی گئی کہ مسلمانوں کو جلسہ رحمت اللعالمین ﷺ میں بڑی تعداد میں شریک ہوکر اپنے ایمان کو مضبوط بنانا چاہیے۔
اس موقع پر نگران اجلاس حضرت مرزا چشتی صابری نظامی، مولانا مفتی محمد خواجہ معین الدین نظامی، مولانا مفتی محمد فیاض الدین نظامی اور دیگر علماء و مشائخ نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس میں مجلس استقبالیہ کی تشکیل عمل میں آئی، جس کے صدر جناب سید صغیر احمد ہوں گے جبکہ نائب صدور، معتمدین اور اراکین کا بھی انتخاب کیا گیا۔
مولانا کی دعا پر اجلاس اختتام پذیر ہوا اور عامۃ المسلمین سے اپیل کی گئی کہ 13 ربیع الاول کے اس تاریخی و ایمان افروز جلسے میں بھرپور شرکت کریں۔




English 

































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































