کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ تلنگانہ ریونت ریڈی کی شرکت۔
سونیا گاندھی ، ملک ارجن کھرگے،راہول گاندھی سے خصوصی ملاقات ۔۔
حیدرآباد -27-دسمبر (چؤایس نیوز)
آل انڈیا کانگریس کمیٹی (AICC) کے صدر جناب ملکارجن کھڑگے کی قیادت میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلہ ساز ادارے کانگریس ورکنگ کمیٹی (CWC) کے اجلاس میں وزیرِ اعلیٰ تلنگانہ جناب اے ریونت ریڈی نے شرکت کی۔
اس اہم اجلاس میں کانگریس کی سینئر قائد محترمہ سونیا گاندھی اور قائدِ حزبِ اختلاف لوک سبھا جناب راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور، آئندہ انتخابی حکمتِ عملی اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے اس موقع پر تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی فلاحی اسکیموں، ترقیاتی اقدامات اور عوامی بہبود کے پروگراموں کے علاوہ ،پنچایت انتخابات ،مجوزہ اسمبلی اجلاس و دیگر ضروری امور سے پارٹی قیادت کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی اجتماعی قیادت اور مضبوط فیصلہ سازی ملک میں جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، اجلاس میں ریاستی اکائیوں کو مزید مستحکم بنانے، عوامی تحریکوں کو تیز کرنے اور آئندہ چیلنجز کا متحد ہوکر مقابلہ کرنے پر زور دیا گیا۔
(چؤایس نیوز)




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































