کریم نگر میں شری ورشیتا کی مشتبہ موت:کلواکنٹلہ کویتا کا اہل خانہ سے اظہار تعزیتویلفیئر ہاسٹلز میں 110 بچوں کی اموات حکومت کی بےحسی پر صدر جاگروتی کا سخت ردعمل
تلنگانہ جاگروتی و سابق رکن پارلیمان کلواکنٹلہ کویتا نے آج کریم نگر ضلع کے حضورآباد حلقہ کے راماپور گاؤں میں بی سی رہائشی ہاسٹل میں مشتبہ حالات میں فوت ہونے والی طالبہ شری ورشیتا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
کویتا نے کہا کہ یہ واقعہ نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ حکومت اور اسکول انتظامیہ نے شری ورشیتا کی موت کو خودکشی قرار دیا ہے، مگر والدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے محض ایک گھنٹہ قبل وہ ان سے بات کی تھی۔ ایسے میں اس کی اچانک موت پر شبہ ہونا فطری ہے۔ ٹیچرز اور پولیس نے واقعے کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا اور یہاں تک کہ ایمبولینس تک طلب نہیں کی گئی، جو کہ انتہائی غیر انسانی رویہ ہے۔
کویتا نے کہا کہ اس پورے معاملے میں کوئی نہ کوئی سازش ضرور معلوم ہوتی ہے، لہٰذا خصوصی تحقیقات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اس کیس پر خصوصی تفتیشی کمیٹی (SIT) قائم کرے تاکہ سچ سامنے آ سکے۔
انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کو آٹھ دن گزر جانے کے باوجود نہ کوئی پولیس افسر، نہ محکمہ تعلیم کے عہدیدار اور نہ ہی ایم آر او مقام حادثہ پر پہنچے۔ حکومت مکمل طور پر غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ یہ واقعہ وزیر پونم پربھاکر کے ہی اسمبلی حلقہ میں پیش آیا ہے، جنہوں نے خود کہا تھا کہ وہ مذکورہ معاملہ کو بغور دیکھیں گے، مگر آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
کویتا نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران ویلفیئر ہاسٹلز میں 110 بچے موت کی آغوش میں جا چکے ہیں، مگر حکومت نے کوئی سبق نہیں سیکھا۔ اسی ضلع میں ایک اور طالب علم نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ لڑکیوں کے ہاسٹلز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے باوجود کئی افسوسناک واقعات پیش آئے، مگر حکومت کی بےحسی برقرار ہے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































