بدھ 12 صفر 1447هـ
#حیدرآباد #مضامین

"شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت خواتین کی تعلیم و تربیت پر عظیم الشان اجلاس کا انعقاد”

حیدرآباد، 21 دسمبر (پٹریاٹک ویوز) عالی جناب نثار احمد و عالی جناب مختار احمد کی سرپرستی میں شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی حیدرآباد کے زیر اہتمام ایک عظیم الشان اجلاس عام بعنوان "سالِ نو کی آمد – مقامِ احتساب و عبرت” کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ اجتماع مکتب مہد سید احمد حکیم پیٹ ایم ایل اے کالونی میں منعقد ہوا، جہاں مختلف موضوعات پر مدلل خطابات کیے گئے اور خواتین کی دینی و دنیاوی تعلیم کے حوالے سے اہم پیغامات دیے گئے۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ پروگرام کی نظامت بہترین انداز میں انجام دی گئی، جس نے حاضرین کو موضوعات پر غور و فکر کی دعوت دی۔

مہمانِ خصوصی حضرت مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم، فلک نما) نے خواتین کے کردار اور ان کی اہمیت پر بصیرت افروز خطاب کیا۔ انہوں نے فرمایا:

"اسلام خواتین کو تعلیم اور ہنر سیکھنے کی اجازت ہی نہیں دیتا بلکہ اس کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ خواتین کا کردار گھرانے کی بنیاد کو مضبوط کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کا تعلیم یافتہ ہونا نہ صرف خاندان بلکہ پورے معاشرے کی ترقی کا ذریعہ بن سکتا ہے۔”

مولانا نے اپنی گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو سیرتِ صحابیاتؓ سے سبق لینا چاہیے۔ حضرت خدیجہؓ کی نبی کریم ﷺ کے ساتھ معاونت اور حضرت عائشہؓ کی تعلیمی خدمات کو بطور مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو نہ صرف دین کا علم حاصل کرنا چاہیے بلکہ اپنے معاشی اور معاشرتی کردار کو بھی بہتر بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی کا یہ اقدام کہ خواتین کو ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ جیسی مہارتیں سکھائی گئیں، قابلِ تحسین ہے۔ یہ نہ صرف خواتین کو خودمختار بنائے گا بلکہ ان کے خاندان کی بہتری کا بھی ذریعہ بنے گا۔

اجلاس کی صدارت حضرت مولانا مجیب الرحمٰن قاسمی (ناظم تعلیمات مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم، فلک نما) نے کی۔ انہوں نے کہا:

"سالِ نو کی آمد ہمیں اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ ہم اپنے گزشتہ اعمال کا محاسبہ کریں۔ ہر نئے سال کے آغاز پر ہمیں غور کرنا چاہیے کہ کیا ہم نے اپنی زندگی کے مقاصد کو حاصل کیا؟ اور اگر نہیں، تو آئندہ کے لیے بہتر ارادے کریں۔”

انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلام نے انہیں ماں، بہن، بیٹی، اور بیوی کی حیثیت سے بے مثال مقام دیا ہے، اور ان کے کردار کے بغیر ایک مکمل اسلامی معاشرے کا تصور ممکن نہیں۔ مولانا نے یہ بھی کہا کہ والدین کی اطاعت اور ان کا احترام جنت کا دروازہ کھولتا ہے، اور اس سے دوری نوجوان نسل کو گمراہی کی طرف لے جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شادیوں میں سادگی اور فضول رسومات سے بچنا ہماری معاشرتی اصلاح کا ایک اہم قدم ہے۔ حضرت فاطمہؓ اور حضرت علیؓ کی شادی کی سادہ مثال پیش کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ جہیز جیسی رسمیں اسلام کی تعلیمات کے خلاف ہیں اور ہمیں ان سے اجتناب کرنا چاہیے۔

اس پروگرام کی ایک اہم کڑی یہ بھی رہی کہ خواتین کو پروجیکٹر کے ذریعہ آو نماز سیکھیں مہم کے تحت مکمل خواتین کی نماز کا طریقہ مولانا عامر قاسمی صدر تحفظ شریعت ٹرسٹ اور مولانا عبد الرشید طلحہ نعمانی معتمد عمومی تحفظ شریعت ٹرسٹ نے تفصیلی روشنی ڈالی

اجلاس کے اختتام پر ان 25 طالبات کو اسنادات تقسیم کی گئیں جنہوں نے شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ ٹیلرنگ اور مہندی ڈیزائننگ کورس کامیابی سے مکمل کیا تھا۔ حاضرین نے ان طالبات کی کامیابی کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر جلسے کے نگران مفتی سلیمان سعود رشیدی اور مولانا سلمان احمد قاسمی کو خصوصی طور پر مبارکباد پیش کی گئی، جنہوں نے اس پروگرام کی کامیابی کے لیے انتھک محنت کی۔ شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی کے ذمہ داران کی خدمات کو بھی بھرپور سراہا گیا اور کہا گیا کہ ان کی یہ کوششیں خواتین کی خود مختاری اور تربیت کے لیے ایک مثالی قدم ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی ترقی، خواتین کی تعلیم، اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے دعا کی گئی۔ اجتماع میں شریک خواتین نے اس اجلاس کو نہایت معلوماتی، روح پرور، اور حوصلہ افزا قرار دیا۔

"شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت خواتین کی تعلیم و تربیت پر عظیم الشان اجلاس کا انعقاد”

21 دسمبر 2024

"شیڈو ایجوکیشنل سوسائٹی کے تحت خواتین کی تعلیم و تربیت پر عظیم الشان اجلاس کا انعقاد”

ریڈ ہلز کے مختلف علاقوں میں مین

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے