موجودہ سماج میں انسانی اقدار کی اہمیت پر سمینار
کرنول (نامہ نگار خصوصی):
جماعتِ علماء تمل ناڈو کے صدر حضرت مفتی سبیل احمد صاحب نے کہا کہ "فیکٹریاں اور کارخانے انسانوں کے لئے ضروری اشیاء تیار کرتے ہیں جبکہ تعلیمی ادارے سماج کے لئے اچھے انسان بناتے ہیں”۔ مولانا آج عثمانیہ کالج کے شعبہ اُردو، عربی اور فارسی کی جانب سے منعقدہ ایک سمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس سمینار کا عنوان تھا ’”موجودہ سماج میں طلبہ کے لئے انسانی قدروں کی ضرورت”
مفتی سبیل احمد نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طب، سیاست اور دیگر میدانوں میں ترقی اسی وقت ممکن ہے جب طلبہ انسانی قدروں کو فروغ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ کو بڑے مقاصد کے لئے مسلسل جدوجہد کرنا چاہئے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "خواب وہ نہیں جو نیند میں دکھائی دیں بلکہ خواب وہ ہیں جو نیند نہ آنے دیں”۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی دستور ہر شہری کو ذات پات اور مذہب سے بالاتر ہوکر مساوی مواقع فراہم کرتا ہے، اس لئے اساتذہ اور طلبہ دونوں کو دستور کا مطالعہ ضرور کرنا چاہئے۔ مفتی سبیل احمد نے کہا کہ "علم کی کوئی انتہاء نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے”۔ اس موقع پر انہوں نے عثمانیہ کالج کے 79 سالہ تعلیمی سفر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے ہزاروں طلبہ تیار کئے ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ عثمانیہ کالج کے بانی ڈاکٹر ایم۔ عبد الحق کی قربانی، عزم اور استقلال کو اپنی زندگی کا نمونہ بنائیں۔
پروگرام کی صدارت عثمانیہ کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایس۔ سمیع الدین مزمل نے کی۔ اس موقع پر مفتی منصور احمد، مفتی عبد الرحمن، ایچ۔ ایس۔ اے۔ عبد الوہاب، عبد الکریم ساجد، محمد سہیل سمیت عثمانیہ کالج کے اساتذہ، طلباء و اور طالبات نے شرکت کی۔ تقریباً دو گھنٹے طویل اس پروگرام میں چار سو سے زائد طلبہ شریک ہوئے اور انسانی قدروں کی اہمیت پر ایک بامقصد پیغام حاصل کیا۔ آخر میں مہمانِ خصوصی کی شال پوشی اور تہنیت پیش کی گئی۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































