بدھ 12 صفر 1447هـ
#مضامین

حضرت علیؓ سے محبت ایمان کی علامت ہے: مولانا ریاض قادری حسامی”کا نماز جمعہ سے قبل خطاب

حیدرآباد 10جنوری (پٹریاٹک ویوز) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں۔” یہ ارشاد حضرت علیؓ کی علمی فضیلت اور مقام و مرتبے کی گواہی دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما نے مسجد محمودہ عبدالرحیم بیگ شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ کی شخصیت اسلام کی تاریخ میں بے مثال ہے، اور نبی اکرم ﷺ نے ان کے فضائل بیان کرتے ہوئے کئی اہم ارشادات فرمائے ہیں۔ خیبر کی فتح کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "کل میں پرچم اسے دوں گا جو اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرتا ہے اور اللہ اور اس کا رسول اس سے محبت کرتے ہیں۔” یہ پرچم حضرت علیؓ کو دیا گیا، جنہوں نے خیبر کو فتح کیا۔ مولانا نے مزید بیان کیا کہ جب نبی اکرم ﷺ ہجرت کے لیے روانہ ہوئے تو حضرت علیؓ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر رسول اللہ ﷺ کی جگہ لیٹنے کا فیصلہ کیا۔ یہ واقعہ حضرت علیؓ کی قربانی اور دینِ حق کے لیے ان کی غیر معمولی محبت کو ظاہر کرتا ہے۔ مولانا نے کہا کہ حضرت علیؓ بچپن ہی سے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ رہے اور آپ کی تربیت براہِ راست نبی اکرم ﷺ نے فرمائی۔ جب اللہ تعالیٰ نے نبی اکرم ﷺ کو اپنے قریبی رشتہ داروں کو اسلام کی دعوت دینے کا حکم دیا، تو حضرت علیؓ وہ پہلے فرد تھے جنہوں نے فوراً لبیک کہا اور اسلام قبول کیا۔ مولانا حضرت علیؓ کی شان بنیا کرتے ہوئے کہا کہ نجران کے عیسائیوں کے ساتھ مناظرے کے موقع پر نازل ہوئی آیت اور اسی سلسلے میں جب مباہلہ کے لیے "وَأَنفُسَنَا” (ہماری جان) کا ذکر آیا، تو نبی اکرم ﷺ نے حضرت علیؓ کو اپنی جان کے طور پر شامل کیا۔ یہ ان کے نبی اکرم ﷺ کے قریب ترین ہونے اور ان کے روحانی مقام کو ظاہر کرتا ہے۔ مولانا نے شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبوت کا منبع نبی اکرم ﷺ ہیں، جبکہ ولایت کے تسلسل میں حضرت علیؓ کا کردار نمایاں ہے۔ دنیا کے تمام روحانی سلسلے، چاہے وہ قادری ہوں، چشتی، نقشبندی یا سہروردی، سب حضرت علیؓ سے منسلک ہیں۔ ان سلسلوں کا شجرہ نسب حضرت علیؓ کے ذریعے نبی اکرم ﷺ تک پہنچتا ہے۔ اسی طرح مولانا نے کہا کہ ہندوستان میں اسلام کی دعوت و تبلیغ کے لیے خواجہ غریب نواز رحمۃ اللہ علیہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ان کا سلسلۂ چشتیہ براہِ راست حضرت علیؓ کرم اللہ وجہہ سے منسلک ہے، جو صوفیائے کرام کی تعلیمات کے تسلسل کی ایک روشن مثال ہے۔مولانا نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: "علی سے محبت کرنے والا مومن ہے، اور اس سے بغض رکھنے والا منافق ہے۔” مولانا نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ حضرت علیؓ کی شخصیت ہر مسلمان کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان سے محبت ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان کے فضائل کو سمجھیں اور ان کی تعلیمات پر عمل کریں۔

حضرت علیؓ سے محبت ایمان کی علامت ہے: مولانا ریاض قادری حسامی”کا نماز جمعہ سے قبل خطاب

10 جنوری 2025

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے