گرام پنچایت انتخابات کا دوسرا مرحلہ پُرسکون انداز میں اختتام پذیر: نرمل ضلع کلکٹر
نرمل، 14/ڈسمبر (ایم۔اے۔وحید): ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو نے اتوار کے دن کہا کہ نرمل ضلع میں گرام پنچایت انتخابات کا دوسرا مرحلہ پُرسکون اور منظم طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔
ضلع کلکٹر نے ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جانکی شرمیلا کے ہمراہ سرنگ پور منڈل کے دھنی گاؤں میں واقع سرکاری ضلع پریشد ہائی اسکول کے پولنگ مرکز کا اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے سرپنچ اور وارڈ ممبر انتخابات کے لیے پولنگ عمل کا بوتھ وار جائزہ لیا اور انتخابی عملہ سے تفصیلات حاصل کیں۔
کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر دو گھنٹے میں پولنگ کی تفصیلات لازمی طور پر ارسال کریں۔ انہوں نے پولنگ مرکز پر موجود ووٹروں سے بات چیت کی اور فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ووٹوں کی گنتی ہال میں انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور انتخابی عمل مکمل ہونے تک سخت سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
کلکٹر نے بتایا کہ پہلے مرحلے کے انتخابات کامیابی کے ساتھ منعقد کئے گئے اور تمام اہل ووٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں۔
اس موقع پر ضلع پنچایت آفیسر سرینواس، خصوصی آفیسر بلیغ احمد، تحصیلدار سندھیا رانی، ایم پی ڈی او لکشمی کانت راؤ اور دیگر عہدیداران موجود تھے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































