سنگاریڈی ضلع میں سینڈ بازار کا افتتاح – عوام کو براہِ راست معیاری ریت کی سربراہی وزیر دامودر راج نے لیا جائزہ
سنگاریڈی، آندول حلقہ: تلنگانہ کے وزیر برائے طبی و صحت امور دامودر راج نرسمہا نے منگل کے روز سنگوپیٹ – جوگی پیٹ چوراہے پر تلنگانہ اسٹیٹ مائننگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (TGMDC) کے زیرِ انتظام قائم کردہ سینڈ بازار کا افتتاح انجام دیا۔
اس موقع پر وزیر نے کہا کہ عوام کو مناسب قیمت پر معیاری ریت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دلالوں کی مداخلت کے بغیر شفاف انداز میں براہِ راست عوام تک ریت پہنچانے کے مقصد سے حکومت نے سینڈ بازار قائم کئے ہیں۔ اس موقع پر ریت کی ترسیل کرنے والی گاڑیوں کی خصوصی پوجا بھی کی گئی۔
وزیر نے اعلان کیا کہ ضلع کے ہر 20 کلو میٹر کے فاصلے پر ایک سینڈ بازار قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو قریب ہی سے آسانی کے ساتھ ریت دستیاب ہو۔ بالخصوص اندیرا مکانات کے مستحقین کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے، یہی اس اسکیم کا اصل مقصد ہے۔
چونکہ سنگاریڈی ضلع میں قدرتی ریت کے ذخائر موجود نہیں ہیں، اس لئے یہاں کے عوام کو اب تک دلالوں کے ذریعہ مہنگے داموں ریت خریدنی پڑتی تھی۔ اس مسئلہ کا مستقل حل نکالنے کیلئے حکومت نے ٹی جی ایم ڈی سی کے تحت سینڈ بازار قائم کئے ہیں۔ اب عوام اور مکانات کے مستحقین سستی قیمت پر معیاری ریت حاصل کرسکیں گے۔
وزیر نے واضح کیا کہ ریت کی سپلائی میں دلالی کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مائننگ کارپوریشن، ریونیو، ہاؤزنگ اور پولیس محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ باہمی ربط کے ساتھ کام کریں اور ریت کی سربراہی کو باقاعدہ یقینی بنائیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ اندیرا مکانات کی تعمیر میں ریت کی کمی ہرگز نہیں ہونی چاہئے اور مستحقین کو ریت مسلسل اور مناسب مقدار میں دستیاب رہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سینڈ بازار کے قیام سے مقامی مزدوروں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے اور چھوٹے ٹھیکیدار و مستری حضرات بھی آسانی سے معیاری ریت حاصل کرسکیں گے۔
ریت کی سربراہی کے عمل کی نگرانی آن لائن بھی ہوگی اور غیرقانونی ٹرانسپورٹ کی صورت میں فوری کارروائی کی جائے گی۔
اس موقع پر ٹی جی ایم ڈی سی کے ایم ڈی بھویش مشرا، ضلع ایڈیشنل کلکٹر (مقامی ادارے) چندرشیکھر، ڈسٹرکٹ مائنز اسسٹنٹ ڈائریکٹر رگھو بابو، جوگی پیٹ مارکٹ کمیٹی چیرمین جگنم موہن ریڈی، مارکفیڈ ڈائریکٹر شیری جگنم موہن ریڈی، پی سی ایس چیرمین نریندر ریڈی اور ہاؤزنگ، ریونیو، پولیس و دیگر محکموں کے عہدیداران شریک تھے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































