سمّکا–سارلما جاترا: تلنگانہ کی خودداری اور وقار کی علامتجاترا کے لیے 260 کروڑ روپے مختص، تمام کام 15 تاریخ تک مکمل ہوں گےنائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکّا ملو کا میدارم میں بیان
میدارم:
تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکّا ملو نے کہا ہے کہ سمّکا–سارلما جاترا محض ایک قبائلی تہوار نہیں بلکہ تلنگانہ کی دھڑکن اور ریاست کی خودداری کی طاقتور علامت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس عظیم جاترا کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے پُرعزم ہے۔
اتوار کی شام نائب وزیر اعلیٰ نے میدارم میں جاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء سری دھر بابو، کونڈا سریکھا، پونگولیٹی سرینواس ریڈی، سیتھکّا اور ادلوری لکشمن بھی موجود تھے۔ جائزے کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور بعد ازاں دیوی سمّکا اور دیوی سارلما کی درشن و پوجا ادا کی۔
بھٹی وکرمارکّا نے کہا کہ جاترا کی انفرادیت اور ثقافتی عظمت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے مستقل تعمیرات کی جا رہی ہیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال ریاستی حکومت نے جاترا کے انتظامات کے لیے مجموعی طور پر 260 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جن میں سے 150 کروڑ روپے جاترا کے انعقاد پر اور 110 کروڑ روپے مستقل مندر و انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میدارم میں ہی تمام ترقیاتی کاموں اور اخراجات کا جائزہ لے کر موقع پر فیصلے کیے گئے ہیں۔ اب تک تقریباً 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور باقی تمام کام 15 تاریخ تک مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ جاترا کے لیے درکار تمام فنڈس جاری کر دیے گئے ہیں اور مکمل شدہ کاموں کے بل 24 گھنٹوں کے اندر کلیئر کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ سابقہ حکومتوں کے دور میں جاترا کے لیے 75 سے 100 کروڑ روپے خرچ کیے جاتے تھے، جبکہ موجودہ حکومت نے اس رقم کو بڑھا کر 260 کروڑ روپے کر دیا ہے۔
انہوں نے صحت، بجلی اور تمام متعلقہ محکموں کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جاترا کے اختتام تک مکمل چوکسی اختیار رکھیں اور اس عظیم عوامی اجتماع کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے عقیدت مندوں کی سہولت اور سلامتی کو یقینی بنائیں۔




English 








































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































