تلنگانہ میں سڑک حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ، وزیر ٹرانسپورٹ کی عوام سے اپیل

حیدرآباد: 10اکٹوبر (پٹریاٹک ویوز) تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاست میں روزانہ اوسطاً 20 افراد سڑک حادثات کی وجہ سے ہلاک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کو دسہرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔
پونم پربھاکر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا، "دسہرہ برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت ہے۔ اس تہوار کے موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم ٹریفک قوانین پر عمل کریں گے۔” انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال کریں، سیٹ بیلٹ باندھیں، اور شراب پی کر گاڑی چلانے سے پرہیز کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں ہر سال اوسطاً ایک لاکھ 60 ہزار افراد سڑک حادثات کی وجہ سے اپنی جانیں گنواتے ہیں، اور یہ ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
وزیر نے عوام سے درخواست کی کہ وہ محفوظ سفر کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ایک ذمہ دار شہری کے طور پر ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔