آر ایچ پبلک اسکول (دارالعلوم رحمانیہ) کے زیر اہتمام سیرت النبیؐ کوئز مقابلہ 2026
سیرت النبیؐ سے طلبہ، نوجوان نسل وامت کو واقف کروانے کیلئے ا ٓر ایچ پبلک اسکول (دارالعلوم رحمانیہ) تالاب کٹہ کی جانب سے سیرت النبی کوئز مقابلہ2026 کاانعقادعمل میں لایاجارہا ہے۔ اس سلسلہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ کے ذمہ دار مفتی عامر رحمانی( ڈائرکٹر آر ایچ پبلک اسکول) نے بتایاکہ 10جنوری2026 کوسیرت النبی کوئز مقابلوں کاانعقادعمل میں جارہا ہے۔ یہ اپنی نوعیت کامنفرد کوئز پروگرام ہوگا جس کی خصوصیت یہ رہے گی کہ دو تین گھنٹے کے اندر ہی مقابلہ کاانعقاد ،نتیجہ کااعلان اور انعامات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔مقام کا پچیس ڈسمبر کے بعداعلان کیاجائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تین گروپوں میں یہ مقابلے رکھے جائیں گے۔ پہلا گروپ ششم تا دہم کا ہوگا ۔جس کے عنوانات’’ حضور صلعم کا خاندان مبارک‘‘ اور’’حضور صلعم کے آسمانی اور زمینی اسفار‘‘ہیں۔ دوسرا گروپ انٹرمیڈیٹ سے لیکر ڈگری تک ہوگا ۔جس کیلئے عنوانات’’ختم نبوتؐ ‘‘ اور’’ غزوات نبی صلعم‘‘ ہیں۔تیسرا گروپ عام زمرہ کا ہوگا جس میں کوئی بھی حصہ لے سکتے ہیں اس میں جنس، تعلیم اورعمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ اس کیلئے عنوانات’’ حضور صلعم کی ازدواجی زندگی‘‘ اور’’دور نبوت ؐ میں اسلامی خواتین کا کردار‘‘ ہیں ۔تمام عنوانات پر پچیس پچیس صفحات پرمشتمل کتاب اور مواد آر ایچ پبلک اسکول کی ویب سائیٹ اور انسٹا گرام پراپ لوڈ کردیاگیا ہے۔جہاں سے مقابلہ میں حصہ لینے کے خواہشمند رجو ع ہوسکتے ہیں۔ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 25ڈسمبر2025ہے۔ ہرگروپ کیلئے صرف دوہزار نشستیں ہی دستیاب ہیں ۔اس لئے جلد از جلد رجسٹریشن کرالیں۔ ہرگروپ کیلئے تین رائونڈہوگا۔ پہلے رائونڈمیں پچیس صفحات پرمشتمل کتاب میں سے چندسوالات پوچھے جائیں گے ۔اس کے بعد دوسرے رائونڈمیں مزید چندسوالات ہوں گے۔پہلا اور دوسرا رائونڈ فون پرہی ہوگاجس کیلئے مقام امتحان پر حاضری لازم ہوگی جہاں کیوآر کوڈ کے ذریعہ جائن ہوکراپنے فون سے صحیح اور غلط جواب کا انتخاب کرناہوگا ۔ یہ کوئز مقابلہ KBCطرز پر منعقدکیاجائے گا۔تیسرے رائونڈ میںہر گروپ سے دس ‘ دس طلبہ کا انتخاب ہوگا ۔جنہیں اسٹیج پر بلاکر سوالات پوچھے جائیں گے۔ہرگروپ کیلئے علیحدہ علیحدہ انعامات رکھے گئے ہیں۔ ہرگروپ میں پہلے مقام کیلئے چالیس ہزارروپئے انعام، دوسرے مقام کیلئے پچیس ہزار روپئے اور تیسرے مقام کیلئے پندرہ ہزارروپئے انعامات رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مزید ترغیبی انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبرات : 8919258546 ، 8328192367 پرربط پیدا کیاجاسکتا ہے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی یاقوت پورہ جعفرحسین معراج ، رکن بلدیہ سید سہیل قادری اورامیر اللہ حسینی عرف علیم بھائی (رکن آر ایچ ایجوکیشنل سوسائٹی) موجودتھے۔





English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































