سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم فراہم کی جارہی ہے: کلکٹر ابھیلاشا ابھینو کا بیان
نرمل، یکم نومبر (ایم۔اے۔وحید): ضلع کلکٹر ابھیلاشا ابھینو نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں طلبہ کو معیاری اور بہتر تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ وہ خانہ پور منڈل کے مَسکاپور گاؤں میں واقع زیڈ پی ایچ ایس اسکول میں قائم کردہ ایسٹرونامی لیاب کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہی تھیں۔
کلکٹر نے کہا کہ ضلع کی مختلف اسکولوں میں جدید تعلیمی سہولتوں جیسے سائنس و ایسٹرونامی لیاب، کمپیوٹر لیاب اور اَٹل تھینکر لیاب کے قیام سے طلبہ میں سائنسی سوچ کو فروغ مل رہا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخل کریں جہاں حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر خانہ پور کے رکن اسمبلی ویڈما بوجو پٹیل نے کہا کہ حکومت کا مقصد سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ "آما آدرشا پاٹہ شالا” اسکیم کے تحت اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں۔
اس پروگرام میں ڈی ای او بھوجنا، تحصیلدار سجاتا، ایم پی ڈی او راما کانت سمیت عوامی نمائندے، عہدیداران، اساتذہ اور طلبہ شریک رہے۔ اس موقع پر شاندار کارکردگی دکھانے والے 31 طلبہ کو توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































