مٹی کے گنیش کی پوجا کرکے ماحول کو محفوظ بنائیں: کلکٹر سنیہا شبّریش
ورنگل- 25/ اگست
( نامہ نگار )
ہنمکنڈہ: ضلع کلکٹر ہنمکنڈہ محترمہ سنیہا شبّریش نے عوام سے اپیل کی کہ گنیش نوراتری کی تقریبات کے موقع پر ماحول دوست مٹی کے گنیش کی پوجا کریں اور مصنوعی رنگوں، کیمیکلز سے تیار کردہ مورتیوں کے استعمال سے گریز کریں تاکہ آبی ذخائر کو آلودگی سے بچایا جا سکے۔ بروز پیر کلکٹریٹ ہنمکنڈہ میں آندھرا پردیش پالیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے شعور بیداری پروگرام کے تحت ’’آئیے مٹی کے گنیش کی پوجا کریں‘‘ کے عنوان سے تیار کردہ پوسٹر کلکٹر کے ہاتھوں سے جاری کیا گیا۔ اس موقع پر کلکٹریٹ احاطے میں مٹی کے گنیش کی مورتیوں کی تقسیم کا بھی آغاز کیا گیا۔ کلکٹر سنیہا شبّریش نے اس موقع پر کہا کہ ہر سال گنیش تہوار کے دوران کیمیائی رنگوں اور پلاسٹر آف پیرس سے تیار کردہ بتوں کے وسرجن کے باعث تالاب اور جھیلیں آلودہ ہو جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف پانی کی کوالٹی متاثر ہوتی ہے بلکہ آبی جانداروں پر بھی بُرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام تہوار کو روایتی انداز میں منائیں اور صرف مٹی کے گنیش کی پوجا کریں تاکہ ماحول کو نقصان پہونچانے کے بجائے اس کی حفاظت میں تعاون دیا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اسٹیٹ پالیوشن کنٹرول بورڈ کی جانب سے ہر ضلع میں دو ہزار (2000) مٹی کے گنیش کی مورتیوں کی مفت تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے۔ عوام سے گزارش کی گئی کہ وہ ماحول دوست مٹی کے بت استعمال کریں اور تالابوں و آبی ذخیروں کو آلودہ ہونے سے محفوظ بنائیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹر وینکٹ ریڈی، ضلع ریونیو آفیسر وائی۔وی۔ گنیش، پالیوشن کنٹرول بورڈ انجینئر سنیہا سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































