خلیجی ممالک جانے والوں کے لئے پیشگی شعور بیداری تربیت
نرمل، 13/ڈسمبر (ایم۔اے۔وحید): خلیجی ممالک میں ملازمت کے خواہش مند افراد کے لئے ضلع نرمل کے خانہ پور میں ہفتہ کے دن پیشگی سفری شعور بیداری تربیت (پری ڈپارچر ٹریننگ اینڈ اورینٹیشن – پی ڈی او ٹی) پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا اہتمام پراواسی متر لیبر یونین کی جانب سے کیا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے خلیجی ممالک میں کام کے دوران پیش آنے والے حالات، وہاں کے قوانین، ثقافت، کام کے طریقۂ کار، حفاظتی ضوابط، تنخواہوں، معاہدوں کی تفصیلات اور ہنگامی حالات میں اختیار کئے جانے والے اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ شرکاء کو دھوکہ دہی سے بچنے کی احتیاطی تدابیر، سفارت خانوں کے ہیلپ لائن نمبرز اور امدادی اداروں کی معلومات بھی فراہم کی گئیں۔
بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرنے والے این آر آئی ایڈوائزری کمیٹی کے ریاستی رکن سنگی ریڈی نریش ریڈی نے کہا کہ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے مزدور اپنی شکایات اور مسائل کے حل کے لئے تلنگانہ حکومت کے این آر آئی ہیلپ لائن نمبر 9491053622، وزارتِ خارجہ کے حیدرآباد میں قائم ’شیتریہ پراواسی سہایتا کیندر‘ کے ہیلپ لائن نمبر 2777 2557 040 اور نیشنل ورکرز ویلفیئر ٹرسٹ کے ٹول فری نمبر 18005991393 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حیدرآباد کے بیگم پیٹ میں واقع پرجا بھون میں ہر منگل اور جمعہ کو منعقد ہونے والی ’سی ایم پراواسی پرجاوانی‘ میں بھی درخواستیں دے کر مسائل کا حل حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پروگرام میں پراواسی متر لیبر یونین کے ریاستی سکریٹری سائیںڈلا راجیا نے مزدوروں کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی مقررہ فیس کے مطابق ہی ریکروٹمنٹ ایجنسی کو رقم ادا کریں اور رسید ضرور حاصل کریں، سوشل میڈیا پر آنے والے ملازمت کے اشتہارات پر اندھا اعتماد نہ کریں اور روانگی سے قبل لازمی طور پر بیمہ کروائیں۔
اس موقع پر دہلی کینیڈین ہائی کمیشن کے ریٹائرڈ عہدیدار اور نرمل کے رہائشی ڈاکٹر ٹی۔ سمپت کمار نے بھی قیمتی مشورے دیے۔ پروگرام میں یونین کوآرڈینیٹر کنتم راجکمار، دبئی سے واپس آنے والے مزدور سی۔ ملیش، مہندر، سونا مہیش، امرت راجو، بی سنتوش، وکیل سمیت مختلف منڈلوں کے خلیجی مزدور بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































