وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیئر پونم پربھاکر کا حُضور آباد دورہ

حضورآباد 25 نومبر (پٹریاٹک ویوز) حضور آباد میں ایگریکلچر مارکیٹ کی نئی کمیٹی کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیر ٹرانسپورٹ اور بی سی ویلفیئر پننم پربھاکر نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کریم نگر کے زرعی افسر پرکاش نے کمیٹی کے چئیرمین گودوری راجیشوری سوامی ریڈی، وائس چئیرمین نانپلی تروپتی اور دیگر اراکین سے حلف لیا۔ اس تقریب میں حکومتی وہپ ویمولا واڑہ ایم ایل اے آدی سرینواس، حضور آباد کانگریس انچارج وودتلہ پرنَو، ضلع لائبریری کمیٹی چئیرمین ستو مالیش، اور کانگریس کے اہم قائدین موجود تھے۔

وزیر پننم پربھاکر نے نئی کمیٹی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے ضروری ہے کہ ہر فیصلہ عوامی مفاد میں کیا جائے۔ انہوں نے کانگریس حکومت کے کارنامے گنواتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کسانوں کے لیے ہر بڑا فیصلہ کانگریس نے ہی کیا ہے اور موجودہ وقت میں بھی کانگریس کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے ریاست میں چاول کے ملرز پر واجب الادا 20 ہزار کروڑ روپے کی رقم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس کی ادائیگی کو یقینی بنائے گی۔ ساتھ ہی باریک چاول کے لیے 500 روپے بونس دینے کا اعلان کیا۔ زرعی قرض معافی کے حوالے سے وزیر نے بتایا کہ 2 لاکھ روپے تک کے قرض معاف کیے جا رہے ہیں، اور بقایا جات کی ادائیگی کے لیے بھی حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہیں۔

وزیر نے حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں 10 لاکھ افراد کو صحت سہولت اسکیم سے فائدہ پہنچا، آر ٹی سی بسوں میں 110 کروڑ خواتین نے مفت سفر کیا، اور کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے ایک سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو عوامی رائے لے کر حکومت کو رپورٹ دے رہی ہے۔
بی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہلی میں دوستی اور ریاست میں کشتی جیسی سیاست عوام کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے بی آر ایس کو چیلنج کیا کہ وہ کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں، ورنہ عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں 3500 مکانات کی منظوری دی گئی ہے، راشن کارڈز جلد جاری کیے جائیں گے، اور ذات پات کے سروے کے ذریعے عوام کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ ویمولا واڑہ مندر کے لیے 35.25 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کرتے ہوئے وزیر نے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس منصوبے میں تعاون کریں۔
آخر میں وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ریاست میں جمہوری اقدار کو مضبوط بنایا جائے گا۔