ضلع کلکٹر کویا شری ہرشا کا اچانک معائنہ، ڈاکٹرز کو او پی ڈیوٹی پوری طاقت سے انجام دینے کی ہدایت

حیدرآباد: 15 اکٹوبر 2024 (پٹریاٹک ویوز ڈسک) ضلع کلکٹر کویا شری ہرشا نے منگل کے روز ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع ضلع اسپتال اور زچہ و بچہ کی دیکھ بھال کے مرکز کا اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ڈاکٹروں کو سرکاری اسپتالوں میں آؤٹ پیشنٹ (او پی) ڈیوٹی پوری طاقت اور ذمہ داری سے انجام دینے کی سخت ہدایت کی۔
کلکٹر نے آؤٹ پیشنٹ رجسٹریشن کاؤنٹر اور وارڈز کا معائنہ کیا اور ہسپتال میں کئے جانے والے میڈیکل ٹیسٹوں اور تلنگانہ ڈائیگنوسٹک سنٹر کی خدمات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ دوران معائنہ، کلکٹر کو 12:40 بجے چار ڈاکٹرز کے غیر حاضر ہونے کی اطلاع ملی، جس پر انہوں نے سپرنٹنڈنٹ سے وضاحت طلب کی۔
کلکٹر نے ہدایت دی کہ غیر حاضر ڈاکٹروں کو شام 4 بجے کلکٹریٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈاکٹر صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک او پی ڈیوٹی پابندی سے انجام دیں، اور اگر کوئی ڈاکٹر دورانِ ڈیوٹی اپنے نجی اسپتال میں کام کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
اس معائنہ کے دوران ضلع اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سریدھر، آر ایم او ڈاکٹر رویندر، اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔