ہفتہ 21 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

عثمانیہ یونیورسٹی تلنگانہ کی شناخت، یونیورسٹی کو آکسفورڈ و اسٹینفورڈ معیار پر ترقی دیں گے: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی

حیدرآباد: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ عثمانیہ یونیورسٹی تلنگانہ کی پہچان ہے اور ریاست کی جدوجہد و تحریکات میں اس یونیورسٹی کا کردار ناقابل فراموش رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کو دوبارہ اس کا پرانا وقار لوٹایا جائے گا اور اسے اسٹینفورڈ و آکسفورڈ جیسی عالمی معیار کی یونیورسٹی کے طور پر ترقی دی جائے گی۔

عثمانیہ یونیورسٹی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "تلنگانہ اور عثمانیہ یونیورسٹی جڑواں کی مانند ہیں۔” انہوں نے یاد دلایا کہ 1938 کی کسان جدوجہد سے لے کر تلنگانہ تحریک کے دوسرے مرحلے تک یہ یونیورسٹی ہر جدوجہد کا مرکز رہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سری کانت آچاری، یادیہ، ایشان ریڈی اور وینوگوپال ریڈی جیسے نوجوانوں نے اسی یونیورسٹی سے وابستہ رہتے ہوئے قربانیاں دیں اور تلنگانہ ریاست کے قیام کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ، شیوراج پاٹل اور جے پال ریڈی جیسے قومی رہنما اسی جامعہ کے طالب علم رہے ہیں، جنہوں نے نہ صرف ریاست بلکہ ملک کا نام روشن کیا۔

وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ سابقہ حکومت نے جان بوجھ کر عثمانیہ یونیورسٹی کو کمزور کرنے کی سازش کی تھی، لیکن موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی ریاست کی تمام یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کا تقرر عمل میں لایا تاکہ تعلیم یافتہ اور باشعور افراد یونیورسٹیوں کی قیادت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی نوجوانوں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ "میرے پاس بانٹنے کے لیے زمین یا خزانہ نہیں ہے، میں صرف تعلیم دے سکتا ہوں، اور یہی تعلیم آپ کو دولت مند اور باکردار بنائے گی۔”

وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو منشیات اور نشے کی لعنت سے بچنے کی اپیل کی اور کہا کہ ملک کو نئی قیادت کی ضرورت ہے، کیونکہ 60 فیصد آبادی 35 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ "جب 21 سالہ نوجوان آئی اے ایس بن سکتا ہے، تو اسمبلی میں قدم کیوں نہیں رکھ سکتا؟”

ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ یونیورسٹی کی ترقی کے لیے انجینئروں کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ آرٹس کالج کے سامنے دوبارہ جلسہ منعقد کرکے عثمانیہ یونیورسٹی کے لیے خصوصی فنڈز منظور کیے جائیں گے۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ اس دن یونیورسٹی میں کوئی پولیس اہلکار نظر نہ آئے اور اگر کوئی احتجاج کرنا چاہے تو انہیں احتجاج کرنے دیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "مجھے روکنے والوں کو جواب دینے کا حوصلہ مجھ میں ہے۔”

انہوں نے طلبہ و نوجوانوں سے اپیل کی کہ افواہوں اور پروپیگنڈہ پر یقین نہ کریں۔ "تلنگانہ میں حقیقی خطرہ وہ سیاستدان ہیں جو درندوں کی مانند ہیں اور تلنگانہ کے عوام کی بھلائی نہیں چاہتے۔ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو عثمانیہ یونیورسٹی کو ختم کر دیں گے۔”

وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے وقار اور ترقی کی ذمہ داری ان کی حکومت کی ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

عثمانیہ یونیورسٹی تلنگانہ کی شناخت، یونیورسٹی کو آکسفورڈ و اسٹینفورڈ معیار پر ترقی دیں گے: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی

بانسواڑہ میں بی آر ایس کو مزید

عثمانیہ یونیورسٹی تلنگانہ کی شناخت، یونیورسٹی کو آکسفورڈ و اسٹینفورڈ معیار پر ترقی دیں گے: وزیراعلیٰ ریونت ریڈی

کھیلیں ذہنی سکون اور جسمانی نشوونما کا

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے