کے کویتا کی سالگرہ تقاریب کا شاندار پیمانے پر انعقاد
مراد آباد میں گندم کے دانوں سے دلکش پورٹریٹ کی تیاری اور خدمات کو بھرپور خراج تحسین
سیاسی اور عوامی جدوجہد پر مبنی ڈاکیومنٹری کی فرزند آدتیہ کے ہاتھوں رونمائی
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا کی سالگرہ کی تقریبات جمعہ کو نہایت شاندار انداز میں منعقد کی گئیں۔ جمعرات کی رات بارہ بجے جاگروتی کے قائدین اور کارکنان نے کیک کاٹ کر خوشی کا اظہار کیا اور کے کویتا کو مبارکباد پیش کی۔جمعہ کی صبح جاگروتی کے قائدین، کارکنان، مداحوں اور خیرخواہوں کی بڑی تعداد حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں واقع جاگروتی دفتر پہنچی اور کویتا کو سالگرہ کی پر خلوص مبارکباد پیش کی۔ تلنگانہ جاگروتی کے دفتر میں کویتا نے کارکنان اور مداحوں کے ساتھ کیک کاٹا جبکہ جاگروتی کے قائدین اور کارکنان نے کویتا سے اپنی اٹوٹ وابستگی اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ اس موقع پر کئی سماجی و سیاسی شخصیات، قائدین اور کارکنان نے بھی ان سے ملاقات کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ریاست بھر میں بھی جاگروتی کے قائدین اور مداحوں نے کویتا کی سالگرہ کی تقریبات جوش و خروش کے ساتھ منائیں۔ ریاست اتر پردیش کے شہر مرادآباد میں فنکار جاوید ملک نے ایک عمارت کی چھت پر گندم کے دانوں سے کلواکنٹلہ کویتا کا ایک بڑا اور دلکش پورٹریٹ تیار کیا، جس میں انہیں بتکماں تہوار کی علامت اٹھائے ہوئے دکھایا گیا۔ اس تخلیقی کاوش کے پیچھے نظام آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ جاگروتی کے نوجوان قائدین میلارم ارون ریڈی اور کرشنا ریڈی کی کاوش شامل تھی، جنہوں نے کویتا کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرنے کے لئے منفرد انداز اپنایا اور ان کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ۔سالگرہ کے موقع پر کویتا کی سماجی و عوامی خدمات پر مبنی ایک ڈاکیومنٹری بھی جاری کی گئی، جسے جاگروتی کے قائد چنّو گوڑ نے تیار کیا ہے۔ حیدرآباد کے پرساد لیابس میں منعقدہ تقریب میں کویتا کے فرزند آدتیہ نے اس ڈاکیومنٹری کی باضابطہ رونمائی انجام دی۔ اس ڈاکیومنٹری میں کویتا کی تلنگانہ تحریک میں جدوجہد، تلنگانہ کی ثقافتی وراثت کے احیاء کے لئے ان کی کوششیں، بتکماں تہوار کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی مساعی، عوامی مسائل کے حل کے لئے ان کی مسلسل جدوجہد اور تلنگانہ کے تشخص کے تحفظ کے لئے نئی سیاسی جماعت کے قیام کی سمت ان کی کوششوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔اس موقع پر آدتیہ نے ڈاکیومنٹری تیار کرنے والے چنّو گوڑ کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب میں جاگروتی کے کارگزار صدر ایل روپ سنگھ، جنرل سکریٹری نوین آچاری سمیت دیگر قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔اس موقع پر کلواکنٹلہ کویتا نے اپنی سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرنے والے تمام قائدین، کارکنان، خیرخواہوں اور مداحوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔




English 























































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































