منگل 7 رمضان 1447هـ
#تلنگانہ

نظام آباد: ونائک نگر میں 60 کروڑ کے ترقیاتی کاموں اور 33/11 کے وی سب اسٹیشن کا سنگِ بنیاد

نظام آباد 12/جنوری ( ندیم احمد- پیٹریاٹک ویوز) نظام آباد شہر کے ونائک نگر علاقہ میں ایک بڑے ترقیاتی اقدام کے تحت 60 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں اور 6 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جانے والے 33/11 کے وی سب اسٹیشن پروجیکٹ کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر حکومتِ تلنگانہ کے مشیر محمد علی شبیر اور پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر و رکن قانون ساز کونسل بوما مہیش کمار گوڈ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے منصوبوں کا افتتاح انجام دیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ کانگریس حکومت شہری ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اسی پالیسی کے تحت نظام آباد شہر کے تمام 60 ڈویژنوں میں ہر ڈویژن کے لیے ایک کروڑ روپے کے فنڈس مختص کیے گئے ہیں۔ ان فنڈس کے ذریعے سڑکوں کی تعمیر، نکاسیٔ آب، اسٹریٹ لائٹس، پینے کے پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔
محمد علی شبیر نے کہا کہ 33/11 کے وی سب اسٹیشن کے قیام سے ونائک نگر اور اطرافی علاقوں میں بجلی کی فراہمی مزید مستحکم ہوگی اور لوڈ شیڈنگ کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ترقیاتی کام شفاف طریقہ سے، مقررہ وقت میں اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔
بوما مہیش کمار گوڈ نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے اور نظام آباد کی ترقی کانگریس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آئندہ میونسپل انتخابات میں کانگریس پارٹی کی حمایت کریں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کا یہ سلسلہ بلا رکاوٹ جاری رہ سکے۔
تقریب میں مقامی عوامی نمائندے، کانگریس پارٹی کے قائدین، بلدیاتی عہدیداران اور بڑی تعداد میں عوام موجود تھے۔ عوام نے ترقیاتی کاموں کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔

نظام آباد: ونائک نگر میں 60 کروڑ کے ترقیاتی کاموں اور 33/11 کے وی سب اسٹیشن کا سنگِ بنیاد

نظام آباد پولیس کمشنر سری پی سائی

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے