نظام آباد میں پولیس کمشنر کی اچانک تلاشی مہم، گاڑیوں کےدستاویزات کی جانچ اور افراد کی کونسلنگ

نظام آباد، 19 مارچ ( پٹریاٹک ویوز ) نظام آباد پولیس کمشنر مسٹر پی. سائی چیتنیہ، آئی پی ایس نے منگل کی رات شہر کے مختلف مقامات پر اچانک تلاشی مہم انجام دی۔ اس دوران پولیس کمشنر نے ایل آئی سی چوراہا، دیوی روڈ چوراہا، پھولانگ چوراہا، آر آر چوراہا، بڑا بازار، نہرو پارک، احمدی بازار، بودھن بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن اور آر ٹی سی بس اسٹینڈ جیسے اہم مقامات پر معائنہ کرتے ہوئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس تلاشی مہم کے دوران آٹو ڈرائیوروں کے گاڑیوں کے متعلقہ دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ بلاوجہ رات کے وقت گھومنے والے نوجوانوں کو کونسلنگ دی گئی اور انہیں غیر ضروری گھومنے سے باز رہنے کی تلقین کی گئی۔ آر ٹی سی بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن اور اطراف کے علاقوں میں سخت تلاشی مہم چلائی گئی۔ پولیس کمشنر نے موجودہ افسران کو سیکیورٹی کے سلسلے میں اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جرائم کی روک تھام اور عوام کی حفاظت کے لیے مسلسل تلاشی مہمات جاری رہیں گی۔