نئے عثمانیہ اسپتال کی تعمیر کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ کا اہم اجلاس
حیدرآباد: یکم ڈسمبر (پٹریاٹک ویوز) وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے گوشہ محل اسٹیڈیم میں نئے عثمانیہ اسپتال کی تعمیر اور اس کے اطراف کے ترقیاتی منصوبوں پر اعلیٰ افسران کے ساتھ تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اسپتال کی منتقلی اور جدید تعمیر کے حوالے سے اہم امور پر گفتگو کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے اسپتال کے لیے بہتر سفری سہولتوں کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے متعلقہ علاقوں میں سڑکوں کی توسیع کے لیے فوری طور پر سروے شروع کرنے کی ہدایت کی۔ ان کاموں میں ہم آہنگی کے لیے محکمہ بلدیات کے پرنسپل سکریٹری دانا کشور کو نوڈل آفیسر مقرر کیا گیا۔
مزید برآں، اسپتال کے لیے پینے کے پانی، بجلی اور ڈرینج نظام کو جدید اور مستحکم بنانے کے ساتھ دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
اس اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے مشیر وین نریندر ریڈی، حیدرآباد کے پولیس کمشنر سی وی آنند، ضلع کلکٹر انودیپ اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
جدید اسپتال کے لیے اقدامات تیز:
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسپتال کی تعمیر کے ساتھ اس کے اردگرد کے بنیادی ڈھانچے کو بھی مکمل طور پر ترقی دی جائے گی تاکہ شہر کے عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ یہ منصوبہ شہری صحت کے نظام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































