ہفتہ 21 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب

حیدرآباد، 15 اگست: ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول واقع مصطفی نگر، فلک نما، حیدرآباد میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس موقع پر بانیِ ادارہ مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی نے صدارت کے فرائض انجام دیے، جب کہ ناظمِ مدرسہ مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے پرچم کشائی کی۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ "جن گن من” پیش کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔

تقریب میں طلبہ و طالبات نے اپنی تقاریر میں بالخصوص مسلمان رہنماؤں کی آزادیِ ہند میں دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس کے ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی جیسے ڈاکٹرس، آرمی آفیسرس، پولیس، سائنس داں اور دیگر ماہرین کا ذکر کیا گیا جن کے ذریعے ملک کی ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ بعد ازاں بچوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹاگرام اور دیگر ایپس کے فوائد اور نقصانات پر دلچسپ اور مؤثر مکالمے پیش کیے۔

صدرِ اجلاس مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اعلیٰ تعلیم ہر طالب علم کا اولین مقصد ہونا چاہیے، کیونکہ محنت، لگن اور جستجو کے ساتھ حاصل کیا گیا علم ہی کسی ملک کا حقیقی سرمایہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی تعلیم اور اخلاق سے نئی نسل ہنر مند اور باصلاحیت بن سکتی ہے، وقت کی قدر اور مثبت سوچ کامیابی کی ضمانت ہے۔ ملک کی ترقی میں ہر فرد کا کردار اہم ہے، اس لیے علم کے ساتھ ساتھ عملی میدان میں بھی بہترین کارکردگی دکھانا ضروری ہے۔

تقریب کے اختتام پر بانیِ ادارہ کے ہاتھوں ایف اے ون امتحان میں اول مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈلس دیے گئے، جب کہ تقریب میں شریک تمام طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر جمیع معلمین و معلمات کے علاوہ مولانا محمد قطب الدین رحمانی اور مولانا محمد مجیب الرحمن بھی موجود تھے۔

ریاض العلوم و ریاض اسلامک اسکول میں یومِ آزادی کی پُروقار تقریب

05 اگست 2025

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے