حج محض ایک جسمانی عبادت نہیں بلکہ ایک روحانی انقلاب : مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی

16مئی حیدرآباد (پٹریاٹک ویوز) حج محض ایک جسمانی عبادت نہیں بلکہ ایک روحانی انقلاب ہے، جو انسان کو اللہ سے جوڑتا ہے، بندگی کا احساس دیتا ہے۔یہ ایک ایسا پیغام ہے جو نسلِ انسانی کو اخوت، اتحاد، مساوات، صبر اور قربانی کی عملی تربیت دیتا ہے۔ان خیالات کااظہار مسجد محمودہ، شاستری پورم میں نماز جمعہ سے قبل اپنے خطاب میںمولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی( ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم )نے کیا۔
انہوں نے کہاکہ حج اسلام کے بنیادی ارکان میں شامل ہے اور نبی کریم صلعم کے زمانے میں اس کی فرضیت ۹ ہجری میں ہوئی۔ اسی سال اسلامی تاریخ کا پہلا باقاعدہ حج قافلہ حضرت ابوبکر صدیقؓ کی قیادت میں روانہ ہوا۔ اگلے سال یعنی ۱۰ ہجری میں نبی کریم صلعم نے اپنا پہلا اور آخری حج، جسے’’حجۃ الوداع‘‘کہا جاتا ہے ادا فرمایا۔انہوں نے بتایا کہ حج کی بنیاد حضرت ابراہیم علیہ السلام کے زمانے میں پڑی، جب آپؑ نے اللہ کے حکم سے بیت اللہ کی تعمیر کی اور پوری انسانیت کو حج کی دعوت دی۔ وقت گزرنے کے ساتھ اس دورمیں حج میں مختلف قسم کی بدعات شامل ہو گئیں۔ قریش نے اس عبادت کو نسلی فخر کا ذریعہ بنا دیا، ننگے طواف کرنے لگے، کفریہ اشعار پڑھے جانے لگے، اور قربانی کا گوشت بتوں کے نام منسوب کیا جانے لگا۔ کچھ لوگ عرفات کی حاضری سے انکار کرتے ہوئے خود کو اہلِ حرم کہنے لگے۔
مولانا نے کہا کہ نبی کریم صلعم نے اپنے حج کے دوران ان تمام باطل رسوم کا خاتمہ فرمایا اور حج کو اس کی اصل روح کے مطابق درست کیا۔ خطبہ حجۃ الوداع کے ذریعے آپ صلعم نے دین اسلام کا عالمی منشور دنیا کے سامنے رکھا جس میں انسانی برابری، بھائی چارگی، امن، عورتوں کے حقوق، سود کی حرمت، خونریزی کی ممانعت، امانت داری، اور اسلامی اخوت جیسے بنیادی اصول بیان کیے گئے۔
مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی نے حج کی اہمیت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حج ایک فرض عبادت ہے جو ہر صاحبِ استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک بار فرض ہے۔حج گناہوں کی بخشش کا ذریعہ ہے، جو انسان کو پاکیزگی عطا کرتا ہے۔حج امتِ مسلمہ کی عالمی یکجہتی کا مظہر ہے، جہاں دنیا بھر کے مسلمان ایک لباس، ایک وقت، ایک جگہ پر جمع ہو کر ،تلبیح کی گونج میں وحدت کا پیغام دیتے ہیں۔
حج ایک ابدی پیغام ہے جو ہمیں قربانی، صبر، عاجزی، توکل، اطاعت اور مساوات جیسے اوصاف سکھاتا ہے۔مولانا نے کہا کہ حج ایک تربیت گاہ ہے جہاں مسلمان اپنے نفس کے خلاف جہاد کرتا ہے، دنیا کی فانی زینت سے کٹ کر اللہ کی رضا میں جیتا ہے اور خود کو بندگی کے اعلیٰ معیار پر لے جاتا ہے