مسلمانوں کی قربانیاں اور موجودہ حالات میں قرآنی رہنمائی — مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی کا خطاب
آزادیٔ ہند کی 79ویں سالگرہ اور جمعہ کے بابرکت دن کے یکجا ہونے کے موقع پر مسجد محمودہ، شاستری پورم میں نمازِ جمعہ سے قبل مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی، خلیفہ مولانا جعفر پاشاہ ثانی عاقل قبلہ نے ایک پراثر خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کی قربانیوں، موجودہ حالات اور قرآنی رہنمائی پر سیر حاصل گفتگو کی۔
مولانا نے کہا کہ بھارت طویل عرصہ تک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا رہا اور اس غلامی کو توڑنے میں لاکھوں لوگوں نے جانیں قربان کیں، جن میں مسلمانوں کا حصہ سب سے نمایاں تھا۔ انہوں نے 1857 کی جنگِ آزادی میں علما اور مجاہدین کی قیادت، شہید اشفاق اللہ خان، مولانا فضل حق خیرآبادی اور مولانا ابوالکلام آزاد کی قربانیوں کو یاد دلایا۔
موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا نے کہا کہ آج مسلمان سماجی تعصب، تعلیمی پسماندگی اور معاشی کمزوری جیسے چیلنجز سے دوچار ہیں۔ انہوں نے قرآن مجید کی سورۃ البقرہ کی آیت 126 کا حوالہ دیتے ہوئے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی دعا — امن، رزق اور ایمان — کو موجودہ دور کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔
مولانا نے عملی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو جدید اور دینی تعلیم، ٹیکنیکل مہارت، معاشی خود کفالت اور اتحاد کو اپنی ترجیح بنانا ہوگا۔
اس موقع پر انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کے تاریخی جامع مسجد دہلی کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
"یاد رکھو! تم نے اس دھرتی کو اپنے خون سے سینچا ہے، اس کا ہر ذرہ تمہارے آباؤ اجداد کی قربانیوں سے سرخ ہے۔ اگر آج تم اسے چھوڑ دو گے تو تم اپنی تاریخ اور تہذیب سے کٹ جاؤ گے۔ یہاں رہ کر اپنے حق کے لیے جدوجہد کرنا تمہارا دینی، ملی اور تاریخی فریضہ ہے۔”
انہوں نے مزید کہا: "ذرا سوچو کہ تم نے ہجرت کے مقدس نام پر اپنی ذمہ داری سے بچنے کا راستہ اختیار کیا ہے، حالانکہ اصل فریضہ یہ ہے کہ اپنی سرزمین پر رہ کر اس کی حفاظت اور تعمیر میں کردار ادا کرو۔”
مسلمانوں پر لگائے جانے والے "غداری” کے الزام کا جواب دیتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ہم وہ ہیں جن کے آباؤ اجداد نے اس ملک کی آزادی کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور آزادی کے بعد بھی اس کی تعمیر میں حصہ لیا۔ ہماری وفاداری اس دھرتی سے ہے جہاں ہمارے باپ دادا مدفون ہیں۔
مولانا نے آخر میں دعا کی: "اے اللہ! ہمارے ملک کو امن و سلامتی والا بنا، اس کے رہنے والوں کو ایمان اور خوشحالی عطا فرما، ہمیں اپنے دین پر قائم رکھ، اور ہمارے بچوں کو علم، ہنر اور عزت نصیب فرما۔ آمین۔”




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































