رجب میں توبہ و اصلاحِ اعمال پر زور، رمضان کی تیاری کی تلقین : مولانا محمدریاض احمد کا خطاب
حیدرآباد:
ماہِ رجب کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے معروف عالمِ دین مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما نے نمازِ جمعہ سے قبل اپنے خطاب میں توبہ، استغفار اور اصلاحِ اعمال پر جامع اور مؤثر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ رجب حرمت اور بیداریِ قلب کا مہینہ ہے، اور یہی وہ وقت ہے جب بندہ ماضی کی کوتاہیوں پر نادم ہو کر رمضان کی تیاری کرے۔
مولانا نے قرآنِ کریم کی آیت کی روشنی میں واضح کیا کہ سچی توبہ صرف زبانی ندامت کا نام نہیں بلکہ گناہ چھوڑنے، آئندہ نہ کرنے کے عزم اور حقوق العباد کی ادائیگی سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر سچی توبہ کے عبادات میں لذت اور رمضان کی برکتیں حاصل ہونا مشکل ہو جاتا ہے۔
خطاب کے دوران توبہ سے متعلق ایمان افروز واقعات بھی بیان کیے گئے، مولانا نے زور دے کر کہا کہ اللہ کی رحمت گناہوں سے کہیں زیادہ وسیع ہے، اور سچی نیت کے ساتھ کی گئی توبہ کو اللہ تعالیٰ ضرور قبول فرماتا ہے۔
انہوں نے نبی کریم ﷺ کے معمولِ استغفار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب معصوم نبی ﷺ دن میں کثرت سے استغفار فرمایا کرتے تھے تو ہم گناہگاروں کو اس کی کتنی زیادہ ضرورت ہے۔ ساتھ ہی دل کی صفائی، کینہ و حسد سے اجتناب اور اعمال کی اصلاح کو رمضان سے قبل ناگزیر قرار دیا۔
آخر میں مولانا محمد ریاض احمد نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ رجب کے مہینے میں باقاعدہ استغفار، نمازوں کی پابندی، قرآن سے تعلق اور کم از کم ایک گناہ ہمیشہ کے لیے چھوڑنے کا عملی عزم کریں، تاکہ رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































