’خطبات مودی:لال قلعہ کی فصیل سے‘ قومی کونسل کے اشاعتی مشن کا ایک اہم کارنامہ:عزت مآب وزیرتعلیم شری دھرمیندر پردھان
خطبات مودی:لال قلعہ کی فصیل سے‘ ایک تاریخی دستاویز :ڈاکٹر شمس اقبال
عزت مآب وزیر اعظم شری نریندر مودی کی تقاریر کا مجموعہ’’خطبات مودی:لال قلعہ کی فصیل سے‘‘کی تقریب اجرا
دہلی/ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی سے شائع ہونے والی اہم کتاب ’’خطبات مودی:لال قلعہ کی فصیل سے‘‘ کا عزت مآب وزیر تعلیم شری دھرمیندر پردھان جی کے ہاتھوں شاشتری بھون، دہلی میں اجرا عمل میں آیا۔ یہ کتاب دراصل 2014 سے 2025 تک یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے عزت مآب وزیر اعظم شری نریندر مودی جی کے ذریعے دیے گئے خطبات کا مجموعہ ہے۔ اس موقع پر قومی کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ رسم اجرا کے اس موقع پرعزت مآب وزیرتعلیم کا دل سے استقبال کرتاہوں اور شکرگزارہوںکہ انھوںنے اس اہم کتاب کی رسم اجرا کے لیے اپنا بیش قیمتی وقت دے کرہماری حوصلہ افزائی کی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہم عزت مآب وزیراعظم شری نریندر مودی جی کے بھی شکرگزارہیںجن کی قیادت اور وژن نے اردوزبان کو قومی ترقی کے بیانیے سے جوڑنے کا موقع فراہم کیا۔ قومی کونسل برائے فروغ اردوزبان کی یہ کاوش اردوکے مستقبل کو روشن بنانے اور وکست بھارت کے خواب کو پوراکرنے کی ایک اہم کوشش ہے‘‘۔
رسم اجراکی اس تقریب میں سامعین کو خطاب کرتے ہوئے عزت مآب وزیر تعلیم نے کہا کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کتاب کلچر کو مقبول عام بنانے میں بھی نہایت فعال کردار ادا کر رہی ہے، اسی ضمن میں کونسل نے اگست 2025 میں سرینگر اور نومبر 2025 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں نہایت کامیاب کتاب میلوں کا انعقاد کیا ہے۔‘‘ انھوں نے ’’خطبات مودی‘‘ کی اشاعت کو قومی کونسل کی اشاعتی سریز کی ایک اہم کڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’عزت مآب وزیراعظم نے ’سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس‘ کے جس منتر کے ساتھ حکومتی فرائض کو انجام دیا ہے، اس کا ڈاکیومنٹیشن ہمیں ان کے خطبات میں ملتا ہے۔ میک ان انڈیا، ڈیجیٹل انڈیا، اجولا اسکیم، جن اوسدھی یوجنا، آیوس مان بھارت یوحنا، سوچھ بھارت مشن اور سکنیہ یوجنا سے لے کر آتم نربھر اور وکست بھارت تک کی سبھی اسکیموں کا خاکہ اگر ہم سمجھنا چاہیں تو عزت مآب وزیراعظم کے ان خطبات سے بخوبی سمجھ سکتے ہیں۔ عزت مآب وزیراعظم شری نریندر مودی جی کے یہ خطبات ہمیں ہندوستانی شہری کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہیں اور ملک کی تعمیر میں اپنے فرائض کو انجام دینے کی ترغیب دیتے ہیں‘‘۔
انھوں نے ان خطبات کی اہمیت و افادیت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’یہ خطبات پچھلے 12 سالوں میں عالمی سطح پر نمایاں ہونے والے نئے اور طاقتور ہندوستان کو ظاہر کرتے ہیں۔ ملک کی حفاظت کے لیے اندرونی اور بیرونی سطح پر اٹھائے گئے مضبوط اقدامات کی جھلک بھی ان میں نمایاں نظر آتی ہے۔ آج ہندوستان ہر شعبے میں آگے بڑھ رہا ہے اور ہر دن ترقی کی نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ اس کی اصل وجہ عزت مآب وزیر اعظم شری نریندر مودی جی کا وہ وژن ہے، جس کی بنیاد ہے ’’نیشن فرسٹ‘‘۔
عزت مآب وزیر تعلیم نے ڈائرکٹر قومی اردو کونسل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ملک کی ہر لائبریری میں پہنچنی چاہئے تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے پڑھ سکیں اور وکست بھارت سے متعلق سماج میں وسیع پیمانے پر تبادلۂ خیال ہو سکے۔ بھارت کی وراثت، ثقافت، طرززندگی اور ہماری خوشحال علمی روایت سے جڑے موضوعات پر اردو زبان میں کتابوں کی اشاعت بھی وسیع پیمانے پر کرنے کی ذمہ داری این سی پی یو ایل کو لینی چاہئے۔
عزت مآب وزیر تعلیم نے قومی اردو کونسل کے اس اہم کارنامے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے بے حد خوشی ہے کہ قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے ان خطبات کو اردو میں شائع کیا ہے۔ میں کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر شمس اقبال کو اس اہم کتاب کی اشاعت کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ اس کتاب کی اشاعت سے ہندوستان کی تعمیر و ترقی کے لیے وزیر اعظم شری نریندر مودی جی کا وژن زیادہ سے زیادہ اردو قارئین تک پہنچے گا اور وہ مودی جی کے 12 سال کی مدت کار میں کیے گئے شاندار ترقی کے کام کاج، ملک کی فلاح کے لیے شروع کی گئیں اسکیموں اور قوم کے تحفظ و خودمختاری کے لیے اٹھائے گئے اہم اقدامات سے واقف ہوں گے۔‘‘
رسم اجرا کی اس تقریب میں ڈاکٹر ونیت جوشی(سکریٹری ،شعبہ اعلیٰ تعلیم،وزارت تعلیم، حکومت ہند)،محترمہ منموہن کور(جوائنٹ سکریٹری، وزارت تعلیم، حکومت ہند)، شری چامو کرشن شاستری(چئیرمین بھارتیہ بھاشا سمتی، نئی دہلی)، پروفیسر نعیمہ خاتون(وائس چانسلر ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی،علی گڑھ)، پروفیسر شاہد اختر(سابق وائس چئیرمین، این سی پی یو ایل و ممبر این سی ایم ای آئی، نئی دہلی) کے علاوہ بڑی تعداد میں وزارت تعلیم کے اعلیٰ افسران موجود رہے




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































