*اسلامی ماحول میں عصری تعلیم وقت کی اہم ترین ضرورت
حِراء فاؤنڈیشن اسکول، ظہیرآباد میں مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم کا فکرانگیز و بصیرت افروز خطاب*
ظہیرآباد۔22 / دسمبر(روز نامہ پٹریاٹک ویوز )
حِراء فاؤنڈیشن اسکول، ظہیرآباد میں آج ایک نہایت اہم اور روح پرور تعلیمی و اصلاحی نشست منعقد ہوئی، جس میں نامور عالمِ دین حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم نے طلبہ و طالبات، اساتذہ و معلمات اور انتظامیہ سے نہایت فکرانگیز اور بصیرت افروز خطاب فرمایا۔
حضرت مولانا نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ موجودہ دور میں، جبکہ مرکزی سطح پر تعلیم کے راستے سے مسلمان نسلوں کے دین و ایمان کو کمزور کرنے اور اسلامی تشخص مٹانے کی منظم کوششیں کی جا رہی ہیں، ایسے فتنہ خیز حالات میں اسلامی ماحول میں علماء کی نگرانی میں چلنے والے عصری تعلیمی ادارے اللہ رب العزت کی بہت بڑی نعمت ہیں، جن کی قدر کرنا ملت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آپ نے فرمایا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں ایسا نصاب اور ایسا نظام نافذ کیا گیا ہے کہ طلبہ کے لیے اسلامی ماحول اور دینی شناخت پر باقی رہنا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے، جبکہ بعض نجی اسکول بھی اسی فکری یلغار کا حصہ بنے ہوئے ہیں اور کچھ ادارے محض تجارتی مقاصد کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔
حضرت مولانا نے حِراء فاؤنڈیشن اسکول کی خدمات کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ یہ ادارہ تقریباً دس سال قبل نہایت محدود تعداد میں طلبہ کے ساتھ قائم ہوا تھا، لیکن اللہ کے فضل و کرم سے یہ قافلہ مسلسل آگے بڑھتا رہا۔ آپ نے بالخصوص اسکول کے چیئرمین حضرت مفتی عبدالصبور قاسمی صاحب کی دس سالہ مخلصانہ، مسلسل اور بااخلاص جدوجہد کی بھرپور تحسین کرتے ہوئے فرمایا کہ ان کی استقامت اور محنت کے نتیجے میں آج یہ ادارہ ترقی کی راہوں پر گامزن ہے اور دینی و عصری تعلیم کا ایک مثالی مرکز بنتا جا رہا ہے۔
طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے حضرت مولانا نے علم کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ علم کے بغیر اگر کسی کے پاس کتنا ہی مال و دولت ہو، وہ ذلت کے ساتھ زندگی گزارتا ہے، جبکہ علم کے ساتھ انسان غربت میں بھی عزت و وقار کی زندگی گزارتا ہے۔ اصل عزت دولت میں نہیں بلکہ علم میں ہے، اس لیے طالبِ علمی کے قیمتی زمانے کو غنیمت جان کر پوری محنت، لگن اور یکسوئی کے ساتھ تعلیم حاصل کرنی چاہیے
حضرت نے سچائی کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا کہ سچ بول کر استاد کی سزا قبول کر لینا، جھوٹ بول کر سزا سے بچنے کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے، کیونکہ جھوٹ اور ایمان ایک دل میں جمع نہیں ہو سکتے؛ جہاں جھوٹ ہوتا ہے وہاں ایمان کمزور ہو جاتا ہے۔
حضرت مولانا نے نماز کی پابندی، اسلامی تہذیب اور اسلامی تشخص پر مضبوطی کے ساتھ قائم رہنے کی خصوصی نصیحت فرمائی۔ معلمات سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلامی ماحول میں چلنے والے ادارے اللہ کی عظیم نعمت ہیں، دشمن قوتیں یہ چاہتی ہیں کہ ایسے ادارے بھی باقی نہ رہیں، اس لیے دعا، دردمندی اور فکرمندی کے ساتھ بچوں کی تعلیم و تربیت کرنا نہایت ضروری ہے
اجلاس کے آغاز میں حِراء فاؤنڈیشن اسکول کے چیئرمین حضرت مفتی عبدالصبور قاسمی صاحب نے حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم کا پُرتپاک استقبال کیا اور پورے پروگرام کی کارروائی نہایت خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی۔ اس موقع پر جناب اعجاز صاحب، وسیم صاحب، فیصل صاحب اور مبین صاحب کے ساتھ اسکول کے تمام اساتذہ و معلمات نے مہمانانِ گرامی کا والہانہ استقبال کیا
پروگرام میں خصوصی طور پر مفتی خلیل احمد صاحب قاسمی، مولانا عارف صاحب قاسمی، مولانا مدثر صاحب قاسمی، مفتی طہ قاسمی مولانا عبدالغنی صاحب حسامی، حافظ تاج الدین صاحب سمیت علاقے کے دیگر علماء کرام اور حفاظِ کرام کی کثیر تعداد شریک رہی۔
اختتام پر حضرت مولانا محمد عبدالقوی صاحب دامت برکاتہم نے تمام طلبہ و طالبات، اساتذہ و معلمات، انتظامیہ اور بالخصوص حِراء فاؤنڈیشن اسکول کے لیے نہایت رقت آمیز دعا فرمائی، جس پر یہ بابرکت نشست اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں حضرت مفتی عبدالصبور قاسمی نے حضرت والا کی تشریف آوری قیمتی نصائح پر حضرت کی خد مت میں کلمات تشکر پیش کیا




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































