سعیدآباد آبزرویشن ہوم کا وزیر سیتکّا نے کیا دورہ
حیدرآباد، سعیدآباد –(پٹریاٹک ویوز) ریاستی وزیر سیتکّا نے بدھ کے روز سعیدآباد کے آبزرویشن ہوم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں مقیم کم عمر طلبہ و نوجوانوں سے بات چیت کی اور فراہم کی جارہی سہولیات و انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آبزرویشن ہوم کو سزا کا مقام نہیں بلکہ ایک ’’تبدیلی کا مرکز‘‘ سمجھنا چاہیے۔ انہوں نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنی گزشتہ زندگی کی غلطیوں کو بھول کر ایک نئی شروعات کریں اور بہتر مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔
انہوں نے کہا: ’’کبھی جان بوجھ کر تو کبھی انجانے میں غلطیاں سرزد ہو جاتی ہیں، لیکن اصل بات یہ ہے کہ ہم ان غلطیوں سے سبق سیکھیں اور ذمہ دار شہری بن کر معاشرے میں واپس جائیں۔‘‘
اس موقع پر وزیر سیتکّا نے آبزرویشن ہوم میں قائم کی گئی نئی لائبریری کا افتتاح کیا۔ یہ لائبریری حیدرآباد پبلک اسکول کی نویں جماعت میں زیرتعلیم طالبہ آکرشَنا نے قائم کی ہے۔ وزیر نے آکرشنا کے اس تعلیمی اور مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے اسے شال اڑھا کر اعزاز پیش کیا۔
وزیر سیتکّا نے کہا کہ اس طرح کی تعلیمی سہولتیں بچوں کی ذہنی اور فکری نشوونما میں مددگار ثابت ہوں گی اور ان کے اندر ایک نیا حوصلہ پیدا کریں گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت کی ذمہ داری صرف پناہ گاہ فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ ان بچوں کو تعلیم، اخلاقی رہنمائی اور عملی زندگی کے لیے تیار کرنا بھی ہے۔
انہوں نے آبزرویشن ہوم کے عملے کو ہدایت دی کہ وہ شفقت، ہمدردی اور خلوص کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں تاکہ یہ ادارہ حقیقی معنوں میں ایک اصلاحی مرکز بن سکے اور یہاں سے نکلنے والے نوجوان ایک نئی پہچان کے ساتھ سماج کا حصہ بنیں۔




English 

































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































