وزیر سیتا اکا نے ٹی جی فوڈز سرگرمیوں پر لیا جائزہ ‘ معیاری غذائ اشیاء کی تیاری پر زور
ورنگل / حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)
ایرر منزل میں واقع مشن بھاگی رتھہ کانفرنس ہال میں خواتین و اطفال بہبود کی وزیر محترمہ سیتھکا نے ٹی جی فوڈز کی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں ٹی جی فوڈز کے چیئرمین ایم۔اے فہیم، محکمہ کی سکریٹری انیتا رام چندرن، ٹی جی فوڈز ایم۔ڈی چندرشیکھر ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔
وزیر نے حال ہی میں تیار کردہ "بالمرتھم” اور "بریک فاسٹ پاؤڈر” کا ذاتی طور پر ذائقہ چکھا اور ہدایت دی کہ بچوں کے لئے انہیں مزید لذیذ بنانے کے لئے شکر کی مقدار گھٹائی جائے اور دودھ کا اجزاء بڑھایا جائے۔
محترمہ سیتھکا نے کہا کہ ٹی جی فوڈز میں موجود مشینری کو مکمل پیمانے پر استعمال میں لایا جانا چاہئے۔ ہر ماہ تقریباً 2600 میٹرک ٹن "بالمرتھم”، "بالمرتھم پلس” اور اسنیکس تیار کئے جارہے ہیں، مگر صنعت کی پیداواری گنجائش اس سے کہیں زیادہ ہے، اس کو بروئے کار لایا جانا ضروری ہے۔
وزیر نے ہدایت دی کہ ٹی جی فوڈز کے ذریعہ فورٹیفائیڈ چاول، آنگن واڑی مراکز کے لئے "ریڈی ٹو کُک بریک فاسٹ پاؤڈر” اور چکیاں تیار کرنے کا لائحہ عمل بنایا جائے تاکہ لاکھوں بچے اور مائیں معیاری غذائیت حاصل کرسکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ معاملہ لاکھوں ننھے بچوں کی زندگیوں سے جڑا ہے، اس لئے کسی بھی سطح پر غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسٹاف کو پابندِ ڈسپلن ہوکر کام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ وزیر نے انتباہ دیا کہ یونین کے نام پر کچھ ملازمین حاضری سے غفلت برت رہے ہیں، ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو ترقیوں کے مواقع دیے گئے ہیں اور ہمدردانہ بنیادوں پر تقررات بھی عمل میں لائے گئے ہیں۔ ساتھ ہی ٹی جی فوڈز مشینری پر سیفٹی آڈٹ کرانے اور گوداموں کے سلسلے میں سنٹرل ویئر ہاؤسنگ کارپوریشن سے معائنہ کرنے کی بھی ہدایت دی۔




English 

































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































