میدک ضلع کے رامایم پیٹ میں وزیر داماودر راجنرسیمہا کا دورہ، سیلاب متاثرہ علاقوں کا معائنہ
ریاستی وزیر صحت داماودر راجنرسیمہا نے مدک ضلع کے رامایم پیٹ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ وزیر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نچلے علاقوں میں مقیم عوام کے لیے فوری طور پر ریلیف اقدامات کیے جائیں۔
وزیر نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں سے لگاتار ہو رہی موسلادھار بارش کے باعث رامایم پیٹ مکمل طور پر زیرِ آب آگیا ہے۔ ضلع ڈیزاسٹر ٹیم، ریونیو، پولیس اور محکمہ صحت کے عہدیداروں نے 60 افراد کو بچایا، جبکہ دو افراد لاپتہ ہوگئے۔ سیلاب میں بہہ جانے والے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی خود صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں اور حکومت پوری طرح چوکس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی عہدیدار عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر وقت مصروف ہیں۔ وزیر نے ضلع کلکٹر اور ایس پی سے فون پر سیلابی علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا۔
مقامی عوام نے وزیر کو بتایا کہ گزشتہ پچاس برسوں میں اتنی شدید بارش کبھی نہیں دیکھی گئی۔
سابق ایم ایل اے مینم پلی ہنمنت راؤ بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔ دونوں رہنماؤں نے رامایم پیٹ کے کاماریڈی روڈ پر واقع بی سی کالونی میں پانی میں ڈوبے مکانات کا معائنہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی۔ وزیر نے ریونیو عہدیداروں کو ہدایت دی کہ نچلے علاقوں کے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور انہیں ضروری اشیاء، کھانا، کپڑے اور بستر فراہم کیے جائیں۔
وزیر نے نیزام پیٹ، ملکا چرو، کوناپور اور نندیگام روڈ پر تباہ شدہ پلوں اور سائی چرو میں شگاف کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ دو سے تین دنوں تک مزید بھاری بارش کا امکان ہے، اس لیے عوام ریونیو، پولیس اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے عملے سے تعاون کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔
وزیر نے جزوی یا مکمل طور پر تباہ شدہ مکانات کا بھی جائزہ لیا اور یقین دلایا کہ حکومت جلد از جلد مرمت کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کو بحال کیا جائے گا اور کھیتوں و جائیداد کے نقصان کا تخمینہ ریونیو محکمہ لگا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ رامایم پیٹ، کاماریڈی اور مدک کے کچھ علاقوں میں تقریباً 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وزیر نے کہا کہ عوام قدرتی آفات کے دوران محتاط رہیں، حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ، وزراء اور ریاست و ضلع کے عہدیدار مسلسل امدادی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔




English 


































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































