اتوار 22 رجب 1447هـ
#تلنگانہ

ملت اسلامیہ ایک عظیم رہنما اور قوم و ملت کے مخلص خادم سے محروم ہوگئی

حافظ پیر شبیر احمدؒ کے انتقال پر مولانا محمد صدیق احمد اور مولانا محمد ریاض احمد کا اظہارِ تعزیت

حیدرآباد، (اسٹاف رپورٹر):
جمعیۃ العلماء تلنگانہ کے صدر، مایہ ناز عالمِ دین اور قوم و ملت کے دردمند رہنما حافظ پیر شبیر احمد صاحبؒ آج نمازِ فجر کے بعد انتقال کر گئے۔ انا للّٰہ و انا الیہ راجعون۔

اس موقع پر مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی (بانی و مہتمم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما) نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ:
“آپ ایک عالمی شہرت یافتہ عالم، بہترین منتظم اور قوم و ملت کے سچے خادم تھے۔ حافظ پیر شبیر احمد صاحب مرحوم نے اپنی پوری زندگی دینی و ملی خدمات کے لیے وقف کر دی تھی۔ وہ مدارسِ دینیہ، مکاتب اور ملی تنظیموں کے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ کم گو ضرور تھے مگر عمل کے میدان میں ان کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دورِ حکومت میں آپ قانون ساز کونسل کے رکن نامزد کیے گئے اور اس منصب پر رہتے ہوئے ملی و سماجی مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کیا۔”

اسی طرح مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم) نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ:
“مولانا حمید الدین حسامی عاقلؒ کے بعد اگر کسی شخصیت نے ملت میں سیاسی بیداری اور شعور پیدا کیا تو وہ حافظ پیر شبیر احمد صاحب تھے۔ ان کی قیادت میں جمعیۃ العلماء تلنگانہ نے ایک مضبوط اور فعال کردار ادا کیا۔ ان کا انتقال ملت اسلامیہ ہند کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ وہ ایک عظیم سرمایہ تھے۔ ان کی علمی، ملی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”
آخر میں ایک یادگار لمحہ کے طور پر ایک تصویر پوسٹ کی جب حافظ پیر شبیر احمد صاحب تیسری مرتبہ مدرسہ ریاض العلوم کے ایک پُر وقار پروگرام میں تشریف لائے، تو بانیِ مدرسہ مولانا محمد صدیق احمد قادری حسامی نے ادب و احترام کے ساتھ انہیں کتب کا تحفہ پیش کیا تھا۔

آخر میں دونوں علمائے کرام نے دعا کی کہ
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پس ماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

ملت اسلامیہ ایک عظیم رہنما اور قوم و ملت کے مخلص خادم سے محروم ہوگئی

تلنگانہ جاگروتی میں مختلف جماعتوں کے قائدین

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے