مساجد کی تعمیر کے ساتھ ساتھ مساجد کو سجدوں سے آباد کرنا بھی ضروری مسجد صفیہ کپا نگر کا افتتاح

ظہیرآباد 9/ ڈسمبر (پٹریاٹک ویوز ) جھرا سنگم منڈل کے موضع کپا نگر روڈ پر محترم رحیم الدین سابق صدر عیدگاہ ظہیرآباد نے اپنی اہلیہ کے نام پر ایک خوبصورت مسجد تعمیر کی جس کی نگرانی الحاج محمد پاشاہ صاحب اور رحیم الدین صاحب نے کی۔بعدازاں مسجد صفیہ کا عظیم الشان افتتاحی اجلاس منعقد ہوا اس موقع پر مخاطب کرتے ہوۓ مفتی نذیراحمد حسامی ظہیرآباد نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ مسجدیں اللہ تعالی کے گھر ہیں۔
سب سے پہلی مسجد بیت اللہ ہے، پھر مسجد اقصی ، پھر مسجد نبوی ہے، قرآن اور حدیث میں مسجدوں کی تعمیر کی فضیلت بیان کی گئی ہے کہ جو اللہ پر آخرت کے دن پر ایمان اور صوم و صلاۃ کے پابند ہیں وہی لوگ اللہ کے گھروں کی تعمیر کرتے ہیں۔ حدیث میں ہے کہ جو اللہ تعالی کی رضا کے لیے مسجدکی تعمیر کرتا ہے اللہ تعالی جنت میں اس کے لیے ایک مکان عطا فرماتے ہیں۔ نیز مسجدوں کی تعمیر انبیاء کرام علیہم الصلوۃ والسلام کے ذریعے ہوئی ہے، مسجد اقصی کی تعمیر حضرت سلیمان علیہ السلام اور بیت اللہ کی تعمیر حضرت ابراہیم ، اسماعیل علیہ السّلام ، مسجد نبوی کی تعمیر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعہ ہوئی ہے ۔ قرآن اور حدیث میں جہاں مسجدوں کی تعمیر بیان کی گئی ہے وہاں پر ظاہری تعمیر کے ساتھ معنوی تعمیر بھی مراد ہے کہ مسجدوں کا حق ادا کیا جائے اور اسے سجدوں سے آباد کیا جائے۔
درس قرآن اور درس حدیث کا اہتمام کیا جائے مکاتب قائم کیے جائیں بعد ازاں مہمان خصوصی حضرت مولانا وجیہ الدین قاسمی حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد پوری بستی کے لیے باعث رحمت ہے جو ایک پاورہوز ہے، لہذا ہمیں مسجدوں کی قدر کرنا چاہیے، اور مسجدوں کا حق ادا کرنا چاہیے۔ آخر میں مفتی محبوب الرحمن مشہود نے مساجد کی فضیلت و اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی، نیز نمازوں کے اہتمام کے ساتھ ساتھ نمازوں کو حضور قلب کے ساتھ پڑھنے کی تاکید فرمائی، تب ہی نماز کا اور مسجد کا حق ادا ہوگا-
مولانا سراج الدین امام مسجد ہذا کی قرأت سے جلسہ کا اغاز ہوا، حافظ محمد عثمان غنی نے نعت شریف پیش کی اور شہر ظہیر آباد کے مشہور شاعر سیف الدین سیف غوری نے بارگاہ رسالت میں عشق و محبت سے بھرپور اشعار پیش کیے، اور مولانا عرفان ندوی خطیب مسجد عمر فاروق نے نظامت کی اور سامعین کو مساجد کی اہمیت بتائی، آخر میں مہمان علماء کرام اور ذمہ داروں ، مہمانوں کی شال پوشی کی گئی، مہمان علماء کرام اور عوام نے بانی مسجد کو مبارکباد پیش کی، اس موقع پر اعراج صاحب فرزند رحیم الدین ، محترم شمیم بھائ، سدرالدین غوری ،محترم تنویر سابق چیئرمین، حافظ محمد مجیب ،شاہ رحمت اللہ قادری ، محمد ملتانی ،محمد ایوب ایم پی جے، محمد یوسف، محمد لقمان، محمد جمیل سمیع الدین ایڈوکیٹ محمد اعجاز پاشاہ، محبوب غوری، محمد نصیر الدین اور مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور دعوت طعام بھی قبول کیا۔