جادو ٹونے کے شبہ میں ایک شخص کا قتل، لاش جلا کر راکھ کرنے کا انکشاف
نرمل، 13/ڈسمبر(ایم۔اے۔وحید): ضلع نرمل کے کڈم منڈل میں جادو ٹونے کے شبہ پر ایک شخص کو قتل کر کے لاش جلا کر راکھ کرنے کا سنسنی خیز واقعہ تاخیر سے منظر عام پر آیا۔
ایڈیشنل ایس پی نرمل اوپیندر ریڈی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کڈم منڈل کے اُدُم پور گرام پنچایت کے تحت گنڈی گوپال پور گاؤں سے تعلق رکھنے والے دیشی نینی بھیمیا (55) کو اسی گاؤں کے رہنے والے دو بھائیوں، موتی نریش اور موتی ملیش نے جاریہ ماہ کی 10 تاریخ کی رات لکڑی سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ بعد ازاں لاش کو گاؤں کے قریب جنگلاتی علاقے میں لے جا کر جلا دیا گیا اور راکھ کر دی گئی۔
ایڈیشنل ایس پی کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ ان کی والدہ کی طبیعت خراب رہتی تھی اور انہیں شبہ تھا کہ بھیمیا نے جادو ٹونا کیا ہے، اسی غلط فہمی اور توہم پرستی کے سبب انہوں نے یہ واردات انجام دی۔
قتل کے اسباب کی جانچ کے لئے خانہ پور سی آئی اجے اور کڈم ایس آئی سائی کرن موقع واردات پر پہنچے اور تفصیلی تفتیش کی۔ مقتول کی بیٹی کی شکایت پر مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزم بھائیوں کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیج دیا۔
ایڈیشنل ایس پی اوپیندر ریڈی نے بتایا کہ پولیس نے یہ معاملہ 24 گھنٹوں کے اندر حل کر لیا، جس پر انہوں نے سی آئی اور ایس آئی کو مبارکباد دی۔




English 





































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































































