جامعہ الصالحات، کوداڈ میں "جلسہ ختم بخاری شریف و تقسیم اسناد” کا شاندار انعقاد

کوداڈ، 12 جنوری 2025 (پٹریاٹک ویوز) جامعہ الصالحات دورہ کنٹہ، کوداڈ کے زیر اہتمام عظیم الشان "جلسہ ختم بخاری شریف و تقسیم اسناد” 12 جنوری 2025 بمطابق 11 رجب 1446ھ کو جامعہ کے احاطے میں نہایت شاندار انداز میں منعقد کیا گیا۔یہ بابرکت پروگرام صبح 10 بجے شروع ہوا، جس میں ملک کے مشہور علماء کرام اور معزز شخصیات نے شرکت فرمائی۔ اس جلسے کی صدارت حضرت مولانا عبدالقادر صاحب رشادی ندوی (ناظم مدرسہ مدینتہ العلوم، کوداڈ) نے فرمائی، جب کہ جامعہ کے بانی حضرت مولانا غوث ندوی صاحب کے فرزند مولانا حامد ندوی صاحب نے جلسے کی نگرانی کے فرائض انجام دیے۔
مہمانانِ خصوصی:
- حضرت مولانا سعید المظفراطہر صاحب مظاہری (مہتمم مدرسہ بیت العلوم، سوریاپیٹ)
- مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی (ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم، حیدرآباد)
مہمانانِ خصوصی نے اپنے خطابات میں اسلامی تعلیمات کی اہمیت، دینی علوم کی ضرورت، اور جامعہ کے روحانی ورثے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر طلبہ کو تکمیلِ نصاب پر اسناد بھی عطا کی گئیں، جس سے حاضرین نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
یہ ادارہ گزشتہ 18 سالوں سے دینی اور تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے۔ جامعہ سے اب تک تقریباً 100 طالبات نے فراغت حاصل کی، جبکہ اس سال 2025 میں 10 طالبات نے کامیابی کے ساتھ فراغت حاصل کی۔پروگرام کے آخر میں صدر اجلاس نے درس بخاری پیش کیا اور امتِ مسلمہ کی ترقی، جامعہ کی کامیابی، اور شرکاء کی دنیا و آخرت کی بھلائی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔جامعہ کے ناظم مولانا عنایت اللہ صاحب نے تمام مہمانان اور شرکاء کا پرجوش خیر مقدم کیا اور ان کے تعاون و شرکت پر شکریہ ادا کیا۔