بدھ 12 صفر 1447هـ
#حیدرآباد

تحفۂ معراج النبی ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں: مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی کا خطاب


حیدرآباد25جنوری (پٹریاٹک ویوز) معراج النبی ﷺ کا واقعہ اسلام کی تاریخ کا ایک عظیم معجزہ ہے، جو نہ صرف نبی کریم ﷺ کی فضیلت اور مقام کو ظاہر کرتا ہے بلکہ امت مسلمہ کے لیے ہدایت کا ایک انمول ذریعہ بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی، ناظم مدرسہ اسلامیہ ریاض العلوم فلک نما نے مدرسہ ابراہیمیہ اسبسطاس کالونی میں منعقدہ خواتین کے ماہانہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس کی نگرانی مولانا تقی الدین حسامی ناظم مدرسہ ابراھیمیہ نے انجام دی ۔ مولانا ریاض حسامی نے کہا کہ معراج کے اس سفر میں رسول اللہ ﷺ کو جنت اور جہنم کے مناظر دکھائے گئے اور امت کے لیے نماز جیسا عظیم تحفہ عطا کیا گیا، جو قیامت تک اللہ کی قربت کا ذریعہ ہے۔ یہ واقعہ ہمیں اعمال کی اصلاح اور معاشرتی ذمہ داریوں کو سمجھنے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معراج کے دوران نبی کریم ﷺ نے جنت میں ان لوگوں کو دیکھا جو نماز کے پابند، والدین کے خدمت گزار اور امانت دار تھے، جب کہ جہنم میں ان لوگوں کو دیکھا گیا جو جھوٹ بولنے والے، غیبت کرنے والے اور بے حیائی میں ملوث تھے۔ خواتین کے حوالے سے مولانا نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے جہنم میں زیادہ تعداد ان عورتوں کی دیکھی جو شوہروں کی ناشکری کرتی تھیں، بے پردگی کا مظاہرہ کرتی تھیں اور زبان کے ذریعے دوسروں کو نقصان پہنچاتی تھیں۔ مولانا نے معاشرتی برائیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بے حیائی اور فحاشی کے عام ہونے سے معاشرہ زوال پذیر ہو رہا ہے۔ انہوں نے بے حیائی کو ایمان کے زوال کا سبب قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ایسے برے اعمال اللہ کے عذاب کا سبب بنتے ہیں۔ مولانا نے شادیوں میں جہیز کے رواج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام نے آسان اور سادہ نکاح کو سب سے زیادہ برکت والا قرار دیا ہے، اور ہمیں اس فرسودہ رواج کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔ ازدواجی زندگی کے بارے میں مولانا نے کہا کہ شوہر اور بیوی کو ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کا فرمان نقل کیا کہ جو عورت اپنے شوہر کے حقوق ادا کرتی ہے، وہ جنت میں داخل ہوگی۔ مولانا نے خواتین کو نصیحت کی کہ وہ اپنے شوہروں کے ساتھ محبت اور عزت کا رویہ اپنائیں، کیونکہ یہی رویہ خوشحال خاندان اور مضبوط معاشرے کی بنیاد ہے۔ مولانا نے خطاب کے اختتام پر کہا کہ واقعۂ معراج ہمیں اللہ کی عظمت اور قدرت کا احساس دلاتا ہے اور ہماری ذمہ داریوں کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی زندگیوں کو قرآن و سنت کے مطابق ڈھال کر جنت کے مستحق بننے کی کوشش کریں اور جہنم سے بچیں۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض مولانا احمد مزمل راہی استاذ مدرسہ نے انجام دی۔

تحفۂ معراج النبی ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں: مولانا محمد ریاض احمد قادری حسامی کا خطاب

جنوری 25 2025

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے