بی آر ایس کی طاقت سے کانگریس حکومت خوفزدہ ہے: کے کویتا

حیدرآباد 5ڈسمبر (پٹریاٹک ویوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل، کے کویتا نے کہا کہ کانگریس حکومت بی آر ایس کے قائدین اور کارکنوں کو غیر جمہوری طریقے سے گرفتار کر رہی ہے، جس سے حکومت کا ہماری طاقت سے خوف واضح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قیادت کی گرفتاری پر ہم خاموش نہیں رہیں گے اور حکومت کے غیر قانونی اقدامات کا مقابلہ کریں گے۔
کویتہ نے مزید کہا کہ بی آر ایس تلنگانہ کی آواز ہے اور یہ عوام کے درمیان گہری جڑیں رکھتی ہے۔ ہمارا کیڈر ہماری طاقت ہے، اور ہم دھمکیوں کے آگے کبھی نہیں جھکیں گے۔ ہم تلنگانہ کے عوام کی امنگوں اور توقعات کے مطابق آواز بلند کرتے رہیں گے۔
سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کی گرفتاری کی اطلاع ملتے ہی، کلواکنٹلہ کویتا فوراً گچی باؤلی پولیس اسٹیشن پہنچیں اور ہریش راؤ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ کوشک ریڈی کو صبح 10 بجے گرفتار کیا گیا لیکن ابھی تک ریمانڈ پر نہیں بھیجا گیا۔ ان کی رہائش گاہ پر جانے والے ہمارے قائدین، سابق وزیر ہریش راؤ اور جگدیش ریڈی سمیت دیگر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
کویتہ نے کہا، "ریاست میں بی آر ایس کے قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنا اور ان کی عوامی حمایت کو کمزور کرنے کی کوششیں واضح طور پر اس بات کا ثبوت ہیں کہ کانگریس حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست کے عوام بی آر ایس قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں، اور جھوٹے الزامات کے ذریعے ہماری جماعت کو دبایا نہیں جا سکتا۔ حکومت کی انتقامی کارروائیاں جمہوری اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اور عوام ان ہتھکنڈوں کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔