بدھ 12 صفر 1447هـ
#تلنگانہ

کویتا کا 42 فیصد تحفظات کے لیے 72 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کا اعلان

حیدرآباد، 29 جولائی (نامہ نگار)
صدر تلنگانہ جاگروتی اور رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس، محترمہ کلواکنٹلہ کویتا نے پسماندہ طبقات (بی سی طبقات) کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے لیے 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کو وقت کا اہم تقاضہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 4، 5 اور 6 اگست کو وہ 72 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال منظم کریں گی۔

سوماجی گوڑہ پریس کلب میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ تلنگانہ اور مرکزی حکومتوں پر بی سی بل کی منظوری کے لیے دباؤ ڈالنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2018 میں پنچایت راج قانون میں ترمیم کے لیے تلنگانہ جاگروتی کی کوششوں کے نتیجے میں ہی آرڈیننس جاری ہوا تھا۔

کویتا نے تلنگانہ حکومت کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب تامل ناڈو حکومت نے گورنر کی تاخیر کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور کامیابی حاصل کی، تو پھر ریونت ریڈی حکومت عدالت کا دروازہ کیوں نہیں کھٹکھٹا رہی؟ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ مفاہمت ہی اس خاموشی کی اصل وجہ ہے۔

انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بی سی طبقات کے تحفظات کے حق میں سپریم کورٹ میں فوری طور پر مقدمہ دائر کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے پونم پربھاکر کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی سخت مذمت کرتے ہوئے طنزاً پوچھا کہ "کیا ایم ایل ایز اور ایم ایل سیز کو دھرنے میں شرکت کی دعوت دینا سترا بھوجنم (اجتماعی دعوت) ہے؟”

کویتا نے مطالبہ کیا کہ حکومت تلنگانہ سرکاری سطح پر ایک کل جماعتی وفد دہلی روانہ کرے اور تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کو دہلی میں احتجاج میں شرکت کے لیے مدعو کرے۔

بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "بی سی وزیر اعلیٰ” اور "بی سی وزیر اعظم” صرف نعرے ہیں، درحقیقت بی جے پی کو پسماندہ طبقات سے کوئی ہمدردی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست سے تعلق رکھنے والے دو مرکزی وزراء ہونے کے باوجود بی سیز کے حق میں کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کیا گیا۔

کویتا نے اس بات کا اعلان کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے بھوک ہڑتال کے لیے اجازت نہ ملی تو وہ جہاں ہوں گی وہیں احتجاج شروع کر دیں گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس سے قبل بھی وہ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے لیے 72 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کر چکی ہیں۔

کویتا کا 42 فیصد تحفظات کے لیے 72 گھنٹوں کی بھوک ہڑتال کا اعلان

کسی وقت، مہینے یا دن میں نحوست

Leave a comment

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے